اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب، لیگی ایم پی ایز کا پریذائڈنگ افسر پر حملہ، بیلٹ پیپرز چھِین لیے

لاہور (قدرت روزنامہ) اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب، لیگی ایم پی ایز کا پریذائڈنگ افسر پر حملہ، بیلٹ پیپرز چھِین لیے، لیگی ایم پی ایز کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا، پینل آف چیئر نے ایوان میں سیکورٹی طلب کر لی . تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، اس دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی کی صورتحال دیکھنے میں آئی .


میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے اراکین کی جانب سے پریزائڈنگ افسر پر حملہ کر دیا جس کے بعد ایوان میں سیکورٹی طلب کرنا پڑی . ووٹنگ کے دوران رانا مشہود کی پنجاب اسمبلی کے سٹاف کے ساتھ شدید تلخ کلامی ہوئی، رانا مشہود اور رخسانہ کوکب نے پریزائیڈنگ آفیسر پر دھاوا بول دیا، رانا مشہود نے بیلٹ پیپر والی کاپی کھینچ لی، رخسانہ کوکب اپنے ساتھ 4 بیلٹ پیپرز لے گئیں .
جبکہ اسپیکر کے لیگی امیدوار سیف الملوک کھوکھر نے پرچی جاری کرنے والے ایجنٹ کا رجسٹر چھین کر پھینک دیا . اس صورتحال میں پینل آف چیئر کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پر امن پولنگ کو خراب نہ کیا جائے، انہوں نے سکیورٹی ایوان کے اندر بلالی . اس موقع پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے امیدوار سبطین خان نے پینل آف چیئر کو تحریری شکایت درج کرا دی اور کہا کہ لیگی ایم پی ایز کی جانب سے اسمبلی سٹاف سے چھینے گئے بیلٹ پیپرز ریکور کروائے جائیں جس پر پینل آف چیئر نے ریکوری کی رولنگ دے دی .
یہاں واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے قرارداد منظور کی گئی تھی، ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے بھی قرارداد منظور کی گئی . قرارداد پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ بشارت نے پیش کی تھی . میانوالی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سبطین خان کو پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) پر مشتمل حکمران اتحاد نے اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا ، جبکہ اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے سیف الملوک کھوکھر کو اپنا مشترکہ امیدوار بنایا .

. .

متعلقہ خبریں