وفاقی وزیرمصدق ملک نے فارن فنڈنگ پر عمران خان کو چور قرار دے دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرمصدق ملک نے فارن فنڈنگ پر عمران خان کو چور قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پارٹی کسی فارن کمپنی یا بیرون ملک سے پیسہ لے گی تو وہ پیسہ کالا دھن کہلائے گا، پاکستان میں ایسا کرنے والی پارٹی کو ختم کردیا جاتا ہے . انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالے دھن کو سفید کرنے کو منی لانڈرنگ کہتے ہیں، برطانوی جریدے نے عمران خان کی منی لانڈرنگ کا انکشاف کیا، عمران خان نے کہا دہشتگردوں سے بات کرسکتا ہوں لیکن سیاسی مخالفین سے نہیں، اسی طرح عمران خان نے کہا کہ وہ علیحدگی پسندوں سے بات کرنے کیلئے بھی تیار ہیں،عمران خان کو صرف سیاستدانوں سے بات کرنے میں مسئلہ ہے .


مصدق ملک نے کہا کہ انگریزی اخبار میں لکھا تھا کہ کالا دھن پی ٹی آئی کو فراہم کیا گیا، پاکستان میں سیاست کرنے کیلئے کسی فارن کمپنی یا بیرون ملک سے پیسے نہیں لے سکتے، اگر کوئی پارٹی کسی فارن کمپنی یا بیرون ملک سے پیسہ لے گی تو وہ پیسہ کالا دھن کہلائے گا .
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا کرنے والی پارٹی کو ختم کردیا جاتا ہے . مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء طلال چودھری نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان معاشی اور اخلاقی طور پر کرپٹ ہیں، دوسروں سے دن رات حساب لیا جاتا ہے، اس کا ہر گناہ معاف ہو جاتا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، لاڈلے کیلئے انصاف کا خاص معیار ہے .

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے پیسوں سے آپ نے دھرنے دیئے،عمران خان نے اپنے خلاف امریکی عدالت کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا، انصاف کے نظام میں سوتیلے اور لاڈلے بنانا بند کیا جائے . انہوں نے کہا کہ نوازشریف کیخلاف جے آئی ٹی بنائی جاتی ہے کچھ نہیں ملتا، نوازشریف کیخلاف ایک کاغذ بھی نہیں آیا، انصاف کے دہرے معیار نے پاکستان کو اس مقام پر پہنچا دیا .
انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ابراج گروپ کے عارف نقوی نے گرفتار ہونے پر رابطوں کیلئے عمران خان کا نمبر دیا، 8 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آسکا . مزید برآں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے جن ممبران کے استعفے منظور کیے ہیں وہ کسی نہ کسی حیثیت میں خود پیش ہوئے، اگر دیگر مستعفی ممبران بھی پیش ہوں گے تو ان کے استعفے بھی منظور ہو جائیں گے .
تحریک انصاف کے ممبران کی نشستوں پر ضمنی الیکشن سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ بنیادی طور پر یہ سیٹیں پی ٹی آئی کی ہیں لیکن اگر ضمنی الیکشن ہوئے تو ہم پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے . ملک میں عام انتخابات سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول الیکشن کمیشن آف پاکستان ساتھ بیٹھ کر بات چیت نہ کریں اور تمام صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی میں ایک ہی وقت میں الیکشن نہ ہوں، الیکشن رولز اور حلقہ بندیوں کے مسائل حل نہ ہوں تو پھر ایسی صورت میں الیکشن کے متنازع ہونے کا خطرہ زیادہ ہے جو ملک و قوم کے لیے بہتر نہیں ہو گا .
چیئرمین تحریک انصاف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان نے جھوٹا بیانیہ قوم کے سامنے پیش کیا، عمران خان کی کوشش ہے قوم کو تقسیم کرے اور نوجوانوں کو گمراہ کرے، اگر قوم نے اس کی شناخت نہیں کی تو یہ قوم کو حادثے سے دوچار کر دے گا، اس فتنے کی سرکوبی کی جانی چاہیے .

. .

متعلقہ خبریں