سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کی ضرورت ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیا ہے . انہو ں نے ڈائیلاگ اس بات سے مشروط کئے ہیں کہ یہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہوں .

رضا ربانی نے کہا کہ آئین کے تحت چلنے والے اداروں کے درمیان بھی بات چیت ہونی چاہیے . سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ادارے اپنی حدود میں کام کریں .
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اداروں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان ٹکراو سے سیاسی ،معاشی اور انتظامی عدم استحکام پید اہو تا ہے . یہ ڈائیلاگ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی شروع کئے جائیں . واضح رہے کہ گزشتہ روز چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر میاں رضا ربانی نے اسپیکر قومی اسمبلی اور چئیرمین سینیٹ کو خط لکھا .
جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق رضا ربانی نے خط میں لکھا کہ اشرافیہ وفاق اور پارلیمانی نظام کی سیاسی، معاشی، ثقافتی تنوع کی تعریف نہیں کر سکتی .

ملک میں بھی اشرافیہ کا ایک حصہ ایوبین ہے جو 1962 کا آئین بحال کرنا چاہتا ہے،بدنیتی کے ساتھ پارلیمنٹ کی شمولیت کو ختم کرکے صوبوں کو محروم کیا جا رہا ہے . رضا ربانی نے کہا پارلیمنٹ کو منظم انداز سے تباہ کیا جا رہا ہے، اب پارلیمنٹ شیرازہ بکھرنا شروع ہو گیا ہے . اختیارات کا مثلث پامال ہونا شروع ہو گیا ہے . انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے پارلیمنٹ کے اختیارات پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں . اب نرم مداخلت کی باتیں ہو رہی ہیں جو براہ راست پارلیمنٹ کو متاثر کریں گی . میاں رضا ربانی نے اپیل کی کہ آپ مل کر آئین کے مطابق پارلیمنٹ کے تحفظ کے اقدامات شروع کریں . پارلیمنٹ کے موجودہ پریزائیڈنگ افسران کا اجلاس طلب کرکے اسے بچانے کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں .

. .

متعلقہ خبریں