راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھمکی آمیز بیان مزید انتشار پیدا کریں گے . چاکلیٹ بیچنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آٹے اور گھی کا قحط پڑنے والا ہے .
3 روپے پیٹرول میں کمی اور9 روپے ڈیزل میں اضافہ قوم سے مذاق کے مترادف ہے . شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ حکمرانوں کے ذاتی کارخانے ٹھیک چل رہے ہیں .
غریب کے گھر کا خانہ خراب ہو گیا ہے . خام مال پر پابندی سے برآمدات 25 فیصد کم ہو گئی ہیں . انکا کہنا تھا کہ جب 38 فیصد مہنگائی بڑھے گی،فارن ریزرو کم ہونگے،تو افراط زر ہی نہیں،معیشت کا پہیہ بھی جام ہو جائے گا . سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ہمت ہے تو وزراء پی ڈی ایم کے اجلاس کی بجائے عوام میں جا کر اپنی صفائی پیش کریں .
ہر مہینے 200 فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں،اور 100فیصد کرائم بڑھ گیا ہے .
یاد رہے کہ دو روز قبل شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگرآئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج جلد نہ آیا تو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے . تاریخ کے بدترین معاشی اورسیاسی بحران سے گزر رہے ہیں،جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں . سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ غریب کا نہ چولہا جل رہا ہے . نہ اس کے پاس بجلی کا بل،اورنہ بچوں کی فیس دینے کے پیسے ہیں،غریب وینٹی لیٹرپر ہے،جبکہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد بڑھ گئی ہے،غریب آٹا بھی نہیں لے سکتا .
فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں . شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاسی انتشار،خلفشار اور عدم استحکام پاکستان کو تباہی کی طرف لیکر جا رہا ہے . مداخلت نرم ہو،گرم ہو،یا پھر سخت سب کو مل کر ملک بچانا ہے،ایک ایک دن قیمتی ہے . سب لوگوں کو مل کر بیٹھنا ہے ورنہ لوگ فیصلے خود اپنے ہاتھوں میں لے لیں گے . واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید نے کہا کہ ضمنی الیکشن کی بجائے نئے الیکشن پر معاملات طے پا گئے ہیں .
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں الیکشن کی تاریخ،نئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا فیصلہ قوم جلد سن لے گی . قرنطینہ والے بھی الیکشن مان گئے ہیں،جبکہ صرف فضل الرحمن رہ گئے ہیں . اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی . نہ یہ عوام میں جانے کے قابل،نہ فرار ہونے کے اور نہ باہر سے کسی کو بلانے کے قابل ہیں . اب خلق خدا فیصلہ کرے گی،جمہوریت مذاق اور اسمبلی تماشا بن گئی ہے . سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بحران سری لنکا سے لبنان عراق اور اب پاکستان کی طرف آرہا ہے . ان ہی دنوں میں یورپ میں 4 حکومتیں ختم ہو گئی ہیں . ڈالر 250 کا،بجلی اور ایل پی جی میں 10 روپے کا اضافہ مارکیٹیں بند کرا دے گا .