ملک میں بجٹ کے بعد مسلسل آٹھویں ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملک میں بجٹ کے بعد مسلسل آٹھویں ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا، ملک میں کم آمدنی والے طبقات کیلئے مہنگائی کی شرح 16.60 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں چینی گوشت سبزیوں سمیت18 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوگئیں . تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس کے تحت ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں0.61 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے .

مہنگائی کی مجموعی شرح 13.33 فی صد ہوگئی، سب سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی 16.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد کسی بھی ہفتے مہنگائی میں کمی نہیں ہوئی . ملک میں مسلسل آٹھویں ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگیا . ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا کہ ایک ہفتے کے دوران 18 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں، ایک ہفتے کے دوران 6 اشیاء میں کمی اور27 میں استحکام رہا . ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 22 روپے کا اضافہ ہوا، ٹماٹر کی فی کلو اوسط قیمت 80 روپے 75 پیسے تک پہنچ گئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 56 پیسے اضافہ ہوا . زندگی مرغی کی اوسط فی کلو قیمت 160 روپے 72 پیسے ہو گئی، لہسن 10 روپے 42 پیسے، آلو 0.67 پیسے فی کلو مہنگا ہوا . چینی کی اوسط فی کلو قیمت 32 پیسے بڑھ گئی، ملک میں چینی کی اوسط قیمت 105 روپے 51 پیسے تک پہنچ گئی . دوسری جانب وزیرخزانہ شوکت ترین نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ عالمی بینک سے 1 ارب ڈالر ستمبر سے پہلے ملیں گے، آئی ایم ایف نے مختلف ممالک کو 650 ارب ڈالر جاری کیے، پاکستان کو 0.43 فیصد پر 2.77 ارب ڈالر 23 اگست کو مل جائیں گے،آئی ایم ایف کی جانب سے دی جانے والی رقم پر کوئی شرائط نہیں ہیں، یہ براہ راست اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوں گے، اس رقم سے مالی ذخائر میں اضافہ ہوگا،بجٹ میں کافی اقدامات کیے ہیں، گروتھ کی توقع کررہے ہیں، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں، آئی ایم ایف کی جانب سے دی گئی رقم شفافیت سے خرچ ہوگی، رقم مشاورت سے خرچ کئے جائیں گے . . .

متعلقہ خبریں