مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ)بیرون ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی، بیرون مملکت سے عمرہ کرنے کے خواہشمند عازمین کو سعودی عرب داخلے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتائج یا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے نتائج کی ضرورت نہیں‘ کوویڈ 19 انشورنس اب بھی درکار ہوگی . سعودی گزٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ بیرون ملک سے عمرہ کرنے کے خواہشمند عازمین کو سعودی عرب میں داخلے کے لیے منفی پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج یا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے نتائج کی ضرورت نہیں ہے تاہم کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے انشورنس کا اجراء اب بھی غیر ملکی زائرین کے مملکت میں عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے لیے داخلے کی شرط ہے .
بتایا گیا ہے کہ عمرہ ویزہ پر آنے والوں کے قیام کی مدت صرف 90 دن ہے، زائرین مکہ مدینہ اور دیگر تمام سعودی شہروں کے درمیان اپنے قیام کے دوران منتقل اور سفر کر سکتے ہیں جب کہ وزارت نے غیر ملکی زائرین کے لیے عمرہ ٹرپ پروگرام کا الیکٹرانک ڈیزائن بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت نئے سالانہ عمرہ سیزن کے دوران عازمین براہ راست اور کسی ثالث کے بغیر اس پروگرام کا انتخاب کر سکتے ہیں .
ادھر خانہ کعبہ کے اطراف قائم حفاظتی حصار ختم کردیا گیا ہے ، جس کے نتیجے میں اب زائرین حجر اسود اور خانہ کعبہ کو چُھو کر بوسہ دے سکیں گے جب کہ حطیم میں نوافل کی ادائیگی بھی ممکن ہوگئی، خانہ کعبہ کے اطراف سے حفاظتی رکاوٹیں ہٹا نے کا اعلان حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کیا . اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ خانہ کعبہ کے اطراف جو رکاوٹیں حفاظتی تدبیر کے طور پر قائم کی گئی تھیں ایوان شاہی نے انہیں ہٹانے کی منظوری دے دی ہے، یہ رکاوٹیں کورونا وباء کی وجہ سے حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر کھڑی کی گئی تھیں .