12 کلومیٹر پر قائم حکومت نے سارا شہر بند کر دیا ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 12کلومیٹر پر قائم حکومت نے سارا شہر بند کر دیا ہے، ہم الیکشن کمیشن کو نہیں مانتے، اس جدوجہد میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں . انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوگ الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیلئے آئے تھے تو ہم نے ایک کنٹینر تک نہیں لگایا، لیکن آج 12کلومیٹر پر قائم حکومت نے سارا شہر بند کر دیا ہے، بلاول بھٹو سندھ سے ریلی لے کرآئے تو انہیں پوری سہولتیں دی گئیں .


انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو نہیں مانتے، ہماری جدوجہد کا وقت ہے، عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں . پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ عمران خان کو انتخابی عمل سے باہر کرنا حکومت تبدیلی سازش کا پارٹ ٹو ہے، عوام عمران خان کو انتخابات سے باہر کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، الیکشن کمیشن کو ساتھ ملانا حکومت تبدیل کا پارٹ ٹو ہے، ان کی سازش ہے کہ عمران خان کو کسی طرح انتخابات سے باہر کردیا جائے، عمران خان آئندہ کبھی کسی انتخاب میں حصہ نہ لے سکیں، عوام ان کی سازش کسی طرح کامیاب نہیں ہونے دیں گے .
آج پارلیمنٹرین کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج جاری ہے اسی طرح عمران خان بھی آج شام قوم سے خطاب کریں گے،اسلام آباد ایف نائن پارک میں بھی بہت بڑا احتجاج ہونے جا رہا ہے . وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے بعد عمران خان مزید پاپولر ہوگئے، عمران خان کو باہر جانے کا کوئی شوق نہیں کہتے نام ای سی ایل میں ڈال دیں گے . انہوں نے کہا کہ ان کا دعویٰ تھا کہ عمران خان کے دور میں مہنگائی بہت زیادہ ہے اس لیے یہ لوگ اقتدار میں آئے،لیکن ان کے دور میں مہنگائی ڈبل ہوگئی ہے، بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹا جارہاہے .
تحریک عدم اعتماد کے بعد ڈالر 250 روپے تک گیا، آج کے ریٹ کے حساب سے بھی ڈالر کی قیمت پی ٹی آئی کے مقابلے میں 50روپے زیادہ ہے، ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے . اسی طرح سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حکمران جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے . انکا کہنا ہے کہ نام نہاد فاشسٹ حکومت الیکش کمیشن کو استعمال کر کے اپوزیشن پر پابندی،اور سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنا چاہتی ہے . فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ اس حکومت سے نجات میں پاکستان کی نجات ہے . عوام پنجاب کے بعد اب اسلام آباد کو بھی آزاد کرانے کیلئے تیار ہیں . پورا اسلام آباد اس وقت ایک محصور شہر کا منظر پیش کر رہا ہے .

. .

متعلقہ خبریں