متحدہ عرب امارات میں سیلاب میں جاں بحق 5 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت ہوگئی

دبئی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کے سیلاب میں ہلاک ہونے والے پانچوں پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں اگلے پانچ سے چھ دنوں میں جنوبی ایشیائی ملک کے مختلف شہروں میں واپس بھیج دیا جائے گا . مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان قونصلیٹ دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے بتایا کہ ہم سیلاب میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں چار مرد اور ایک عورت شامل ہے جب کہ سیلاب کے دوران مرنے والے ان 5 افراد میں ایک عمر رسیدہ جوڑا بھی ہے، جاں بحق ہونے والے ان 5 افراد میں سے ایک راس الخیمہ، 2 شارجہ اور 2 فجیرہ کے رہائشی تھے .


انہوں نے بتایا کہ پانچوں میتیں پاکستان واپس بھیجی جائیں گی، جن کی وطن واپسی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، اگلے پانچ سے چھ دنوں میں تمام لاشیں وطن واپس بھیج دی جائیں گی، ان میں 2 لاشیں فیصل آباد اور ایک ایک کو چکوال، گجرات اور لسبیلہ پہنچایا جائے گا .
پاکستان قونصلیٹ دبئی کے قونصل جنرل نے کہا کہ مشن ہر اس شخص کو سہولت فراہم کر رہا ہے جو متحدہ عرب امارات کے سیلاب زدہ شمالی اور مشرقی علاقوں سے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجراء کے سلسلے میں قونصل خانے سے مدد کے لیے رابطہ کر رہا ہے، لوگ آن لائن خدمات کے ذریعے بھی پاسپورٹ اور نادرا کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں .

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ماہ 27 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں فجیرہ، راس الخیمہ اور شارجہ میں بڑے پیمانے پر سیلاب آیا، متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے بڑے پیمانے پر سیلاب میں 7 باشندوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جن میں 5 پاکستانی باشندے بھی شامل ہیں .

. .

متعلقہ خبریں