گزشتہ 30 سال کے مقابلے میں ملک بھر میں133 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ 30 سالہ اوسط ریکارڈ کے مقابلے میں ملک بھر میں133 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں، 30سالہ ریکارڈ کے مقابلہ میں بلوچستان میں 305 فیصد اور سندھ میں218 فیصد ، پنجاب میں 101 فیصد، خیبرپختونخوا میں26 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں . ترجمان نے مون سون کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 30 سال کے مقابلہ میں حالیہ مون سون میں گلگت بلتستان میں68 فیصد، آزاد جموں کشمیر میں 9 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں .


ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سیلاب ، بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں11 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں سیلاب، بارشوں کی وجہ سے اموات کی کل تعداد 549 اور زخمیوں کی تعداد 628 رپورٹ ہوگئی ہے .
ترجمان نے کہا کہ زخمیوں میں کوئی بھی تشویش ناک حالت میں نہیں . ترجمان نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث 46219 مکانات کو نقصان پہنچا .

ریسکیو، ریلیف آپریشن کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف آپریشن جاری ہے . وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلئے فی کس10 لاکھ روپے کے امدادی چیک کی ترسیل کا کام بھی جاری ہے . این ڈی ایم اے کی جانب سے ایس ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان کو امدادی سامان حوالے کیا گیا ہے . ترجمان نے کہا کہ امدادی سامان میں خیمے، ترپالیں، کمبل، مچھردانیاں شامل ہیں جبکہ این ڈی ایم اے نے نیسلے کی جانب سے60 ہزار لیٹر پینے کا پانی پی ڈی ایم اے بلوچستان کے حوالے کیا ہے .
نیسلے پانی کوئٹہ، جھل مگسی، اور جعفرآباد میں تقسیم کیا جائے گا . اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے 100خیمے ہرنائی کی انتظامیہ کے حوالے کئے ہیں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ان تنظیموں نے آفت زدہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے ہیں . ترجمان نے دریائوں کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے کہا کہ دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے، تمام ڈیموں میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے .
ترجمان نے کہا کہ سٹرکوں، پلوں کی صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ داسو ڈیم کے قریب اچار نالہ کے مقام پر شاہراہ قراقرم کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے تاہم شاہراہ ہلکی ٹریفک کیلئے بحال کر دی گئی ہے، باقی تمام قومی شاہراہیں اور موٹر ویز فعال ہیں، صوبوں میں اور بعض مقامی سڑکوں پر بحالی کا کام جاری ہے .

. .
Ad
متعلقہ خبریں