وزیر اعلٰی پنجاب نے صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا ہے . صوبائی وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد اجلاس وزیر اعلٰی آفس میں ہو گا .

اجلاس میں وزرا،مشیران،معاون خصوصی،چیف سیکرٹری اور دیگر حکام شرکت کریں گے . خیال رہے کہ پنجاب کی21 رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی . گورنر پنجاب بلیغ الرحمن آج صوبائی کابینہ سے حلف لیں گے .
نئے وزراء کو محکمے الاٹ کر دیئے گئے ہیں . کابینہ میں میاں اسلم اقبال ہاؤسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت،میاں محمود الرشید بلدیات اور مراد راس اسکولز ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے . راجا بشارت وزیر پارلیمانی امور، علی افضل ساہی وزیر مواصلات، پراسیکوشن اور کوآپریٹو ، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل اور نوابزداہ منصور کو محکمہ مال دیا جا رہا ہے .
وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر، سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو اسٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے، جبکہ احمد اویس کو دوبارہ پنجاب کا ایڈووکیٹ جنرل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے . مسرت جمشید چیمہ کو محکمہ اطلاعات کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی بنایا جائے گا، ارسلان خالد کو محکمہ آئی ٹی کے ساتھ وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایا جا رہا ہے .
لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ پی ٹی آئی کی طرح ملک میں آئینی بحران نہیں پیدا کرے گی . گورنر پنجاب بلیغ الرحمان پنجاب کابینہ کے وزرا سے کل حلف لیں گے، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نومنتخب کابینہ کے حلف کی سمری گورنر ہاوس کو بھجوا دی تھی . واضح رہے کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب کابینہ کی منظوری دی تھی . سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا گیا .

. .
Ad
متعلقہ خبریں