موجودہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی قاتل ہے،پرویز الٰہی

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا . وزیر اعلٰی پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ افسوس کا مقام ہے موجودہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا .

انہوں نے حکمران اتحاد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی قاتل ہے .
ادھر وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا ہے . صوبائی وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد اجلاس وزیر اعلٰی آفس میں ہو گا . اجلاس میں وزرا،مشیران،معاون خصوصی،چیف سیکرٹری اور دیگر حکام شرکت کریں گے .
خیال رہے کہ پنجاب کی21 رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی . گورنر پنجاب بلیغ الرحمن آج صوبائی کابینہ سے حلف لیں گے .

نئے وزراء کو محکمے الاٹ کر دیئے گئے ہیں . کابینہ میں میاں اسلم اقبال ہاؤسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت،میاں محمود الرشید بلدیات اور مراد راس اسکولز ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے . راجا بشارت وزیر پارلیمانی امور، علی افضل ساہی وزیر مواصلات، پراسیکوشن اور کوآپریٹو ، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل اور نوابزداہ منصور کو محکمہ مال دیا جا رہا ہے .
وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر، سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو اسٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے . ارسلان خالد کو محکمہ آئی ٹی کے ساتھ وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایا جا رہا ہے . لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ پی ٹی آئی کی طرح ملک میں آئینی بحران نہیں پیدا کرے گی . گورنر پنجاب بلیغ الرحمان پنجاب کابینہ کے وزرا سے حلف لیں گے، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نومنتخب کابینہ کے حلف کی سمری گورنر ہاوس کو بھجوا دی تھی .

. .
Ad
متعلقہ خبریں