پنجاب میں کاروباری مراکز ، دکانوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار کی پابندی ختم

لاہور(قدرت روزنامہ) حکومت پنجاب نے کاروباری مراکز ، دکانوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار کی پابندی ختم کردی، کاروباری مراکز کیلئے اتوار کی چھٹی بھی ختم کردی گئی ہے . جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں کاروباری مراکز ، دکانوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار کی پابندی ختم کردی گئی ہے، اب کاروباری مراکز ، دکانوں اور مارکیٹوں کے کیلئے رات 9 بجے کی بندش کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے .


اسی طرح تاجر برادری اور دکاندار اب اتوار کے روز بھی کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھ سکیں گے . یاد رہے پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی بحران کے پیش نظر کاروباری اوقات کار جاری کیے گئے تھے . وزیراعلیٰ پرویزالہٰی نے کہا کہ ن لیگ نے بڑا پروپیگنڈا کیا کہ شہباز شریف آئے گا تو ہوا بدل جائے گی، ہوا تو نہیں بدلی بلکہ شہباز شریف کے آنے سے مہنگائی کا طوفان آگیا، شہبازشریف نے تو تاجروں پر ہی بجلی گرا دی، ن لیگ نے پارکنگ مافیا کو پروان چڑھایا، علم ہے کہ کس نے پارکنگ مافیا سے کمائی کی .
دوسری جانب وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ دکانوں پر ٹیکس سے متعلق کچھ تاجروں کے تحفظات تھے اس لیے عارضی طور پر فکسڈ ٹیکس کو گزشتہ حکومت کے مطابق کر دیا . اپنے بیان میں عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں کہ کسی طبقے کو ٹیکس چھوٹ مل رہی ہے . چھوٹی دکانوں پر زیادہ بوجھ پڑ رہا تھا اس لیے ٹیکس سے متعلق دوبارہ غور کر رہے ہیں، ستمبر تک معاملے کو مزید بہتر کیا جائے گا . عائشہ غوث نے کہا ہے کہ ملک کو خود مختار بنانا ہے تو سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا . انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک کے لیے کردار ادا کرنا ہے، اس لیے جس کے زیادہ وسائل ہیں وہ زیادہ ٹیکس دے . انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف بھی یہ بات کر رہا ہے کہ ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے .

. .

متعلقہ خبریں