ایف آئی اے کا مونس الہی کی ضمانت کی منسوخی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے نے وزیراعلی پنجاب پرویزالٰہی کے بیٹے مونس الہی کی ضمانت کی منسوخی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے . لاہور کی بینکنگ عدالت نے مونس الہی کی 24ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں عبوری ضمانت کنفرم کر دی تھی جس کے بعد ایف آئی اے نے مونس الٰہی کی ضمانت منسوخی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے .


وفاقی تحقیقاتی ادارے نے درخواست کا متن تیار کرکے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ کے آفس میں جمع کروا دیا ہے . درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینکنگ عدالت نے حقائق کے برعکس مونس الہی کی عبوری ضمانت کنفرم کی . 24ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں مونس الہی کی گرفتاری درکار ہے تاکہ اس کی مکمل تفتیش کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جا سکے .
درخواست میں لاہور ہائی کورٹ سے مونس الہی کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے . ڈپٹی اٹارنی جنرل ایف آئی اے کی درخواست کے متن کا قانونی طریقے سے مکمل جائزہ لینے کے بعد لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے . خیال رہے کہ لاہور کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی .
پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے . مونس الٰہی پر ایف آئی اے نے 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے . عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو مونس الٰہی کے خلاف تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی اور مونس الہی و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی جمعرات تک توسیع کی گئی تھی . ایف آئی اے نے مونس الہی کیخلاف رحیم یار خان شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے جس میں ایف آئی اے نے مونس الہی پر دیگر دو ملزمان کی مدد سے 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے .

. .

متعلقہ خبریں