مشکل فیصلوں کی بدولت پاکستان کی معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہو چکی ہے،احسن اقبال

ظفروال(قدرت روزنامہ)سینیئر سیاستدان، وفاقی وزیر اور مرکزی جنرل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں جھوٹا اور کرپٹ ثابت کر دیا ہے اب انہیں اخلاقی طور پر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرکے کسی دربار کا دربان بن جانا چاہیے اور اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں پر توبہ کرنی چاہئے .
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ برباد کرکے اسے دیوالیہ بنانے کے خواب دیکھنے والے اب مایوس ہو چکے ہیں پی ڈی ایم کی مدبر قیادت اور وزیر اعظم پاکستان کے بروقت مشکل فیصلوں کی بدولت آج پاکستان کی معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہو چکی ہے ڈالر کی اڑان اب ختم ہو چکی اب ڈالر لینڈنگ پوزیشن اختیار کر چکا جو بہتر معاشی حکمت عملی کی واضح دلیل ہے .


انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی پارٹی کسی دوسرے کی کوتاہیوں کا ملبہ اپنے سر نہیں لیتی مگر ملک کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم کی قیادت نے عمران حکومت کی بدترین معاشی تنزلی کو قبول کرتے ہوئے اپنی سیاسی ساکھ کو عوام میں نقصان پہنچا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا مگر پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ عمران خان جھوٹے وعدے کرکے پاکستان کو معاشی طورپر برباد کر چکا ہے اب وہ اس جھوٹے کرپشن خان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں ایسے ہوشربا انکشافات کر دئیے ہیں کہ اب عمران خان کے خطرناک عزائم سے ہر پاکستانی آشنا ہو چکا ہے پاکستان دشمن ممالک سے کروڑوں ڈالر پارٹی فنڈز حاصل کرکے غیرملکی ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بنا رہا اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتا رہا اب احتساب کا عمل شروع ہوگا اور ہر اس شخص کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا جس نے ملک کی جڑوں کو معاشی طور پر کھوکھلا کیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں