نوازشریف کا اکتوبر یا ستمبر میں وطن واپسی کا امکان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کا اکتوبر یا ستمبر میں وطن واپسی کا امکان ہے . 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے چاروں صوبوں کی قیادت کو تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے .

نوازشریف لندن سے لاہور کی بجائے کسی اور شہر میں پہنچیں گے . نوازشریف کی وطن واپسی کے لیے کراچی، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد کے نام زیر غور ہیں .
پارٹی کے زیادہ تر رہنماؤں کی جانب سے کراچی یا پھر اسلام آباد اترنے کا مشورہ دیا گیا ہے . قانونی معاملے کے حوالے سے نوازشریف کی واپسی کے لیے آئینی اور قانونی ماہرین سے بھی رائے مانگی جائے گی . قانونی معاملات حل ہونے پر نوازشریف کو ریلی کی صورت میں ان کی رہائشگاہ پر لایا جائے گا .
نوازشریف وطن واپسی سے متعلق حتمی تاریخ کا فیصلہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کریں گے .

وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان پارٹی قائد نوازشریف لندن میں پریس کانفرنس میں خودکریں گے . نوازشریف لیگی سرکردہ رہنماؤں کے ہمراہ وطن واپس آئیں گے . نوازشریف کی وطن واپسی کا معاملہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں بھی زیر بحث لایا جائے گا . خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عوام ڈاکٹر ہیں اور انہوں نے بتا دیا ہے کہ اب ہماری بس ہو گئی ہے نواز شریف واپس آ جائو .
اب ہم نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے . ایسا استقبال کریں گے کہ دنیا دیکھے گی، نواز شریف ستمبر میں پاکستان آرہے ہیں . تاہم اس حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پارٹی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے میرے پاس نوازشریف کی وطن واپسی کی کوئی معلومات نہیں البتہ جاوید لطیف کے پاس کوئی خاص معلومات ہوں تو مجھے علم نہیں .

. .

متعلقہ خبریں