ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں پیش آئے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 پاکستانی مزدور جاں بحق ہوگئے . میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ پاکستانی مزدوروں کی گاڑی اور ٹرالر کے درمیان ہوئے تصادم کے باعث پیش آیا، جس کے باعث 6 پاکستانی مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا .
بتایا گیا ہے کہ اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خیر زمین، محمد طیب، سعید اللہ، فضل، حیات خان اور حکیم خان کے نام سے ہوئی، جن میں سے 4 افراد کا تعلق خیبر پختون خواہ کے علاقے لوئر دیر سے ہے، میتوں کو پاکستان بھجوانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے نے ضروری سفری دستاویزات فراہم کردیں، سعودی عرب میں نمازہ جنازہ ادا کرنے کے بعد میتوں کو پاکستان روانہ کردیا گیا .
حال ہی میں سعودی عرب میں ہوئے ایک اور خطرناک ٹریفک حادثے میں ایشیائی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، یہ حادثہ سعودی دارالحکومت ریاض کی بیشا روڈ پر ال ارین کے مقام پر ایک کار تیز رفتار لینڈ کروزر سے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا ، اس حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے خاندان کا تعلق بھارت کی ریاست کیرالہ کے شہر کالیکٹ سے تھا ، جن میں والد ، والدہ اور ان کے 3 بچے شامل ہیں ، اس ٹریفک حادثے میں 5 دیگر سعودی شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا .
معلوم ہوا کہ حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والا خاندان کار میں سفر کررہا تھا اور وہ سعودیہ کے شہر جازان جارہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی ال رین کے مقام پر لینڈ کروزر سے ٹکرا گئی ، یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ 45 سالہ محمد جابر کا ان کا پورا خاندان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا .