ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے سے پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا . سعودی ٹی وی کے مطابق ایک چھوٹا طیارہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ثمامہ ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد حادثے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا .
اس حوالے سے عکاظ اخبار نے سعودی عرب میں ایوی ایشن انویسٹی گیشن بیورو کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ چھوٹا طیارہ منگل کی صبح ثمامہ ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے بعد گر کر تباہ ہوگیا اس طیارے میں صرف پائلٹ ہی واحد مسافر تھا جو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ ریسکیو ٹیمیں حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں .
بتایا گیا ہے کہ ثمامہ ہوائی اڈہ سعودی عرب میں ثمامہ کے علاقے کے قریب واقع ہے، جو کہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 28.9 کلومیٹر شمال میں ہے .
ادھر سعودی عرب میں پیش آئے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 پاکستانی مزدور جاں بحق ہوگئے، حادثہ پاکستانی مزدوروں کی گاڑی اور ٹرالر کے درمیان ہوئے تصادم کے باعث پیش آیا، جس کے باعث 6 پاکستانی مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا .
بتایا گیا ہے کہ اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خیر زمین، محمد طیب، سعید اللہ، فضل، حیات خان اور حکیم خان کے نام سے ہوئی، جن میں سے 4 افراد کا تعلق خیبر پختون خواہ کے علاقے لوئر دیر سے ہے، میتوں کو پاکستان بھجوانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے نے ضروری سفری دستاویزات فراہم کردیں، سعودی عرب میں نمازہ جنازہ ادا کرنے کے بعد میتوں کو پاکستان روانہ کردیا گیا .
. .