سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی باکسنگ میچ دیکھنے کی ویڈیو وائرل

جدہ (قدرت روزنامہ)سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی باکسنگ میچ دیکھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں فیفا کے صدر اور سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کو دیکھا جاسکتا ہے . عرب میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کلپ میں جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس ہال کے مرکزی پلیٹ فارم پر ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی موجودگی دکھائی گئی ہے، جہاں وہ ریڈ سی ہیوی ویٹ باکسنگ فائٹ دیکھ رہے ہیں .


کلپ میں دکھایا گیا کہ یمنی نژاد برطانوی باکسنگ لیجنڈ نسیم حامد نے شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بات چیت کا تبادلہ کیا اور ویڈیو میں فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو اور وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی موجود تھے .
بتایا گیا ہے کہ "ریڈ سی فائٹ" ہفتہ کو جدہ میں منعقد ہوا، جدہ کے کنگ عبداللہ سٹی کے جمنازیم میں 10 ہزار سے زائد تماشائیوں نے شرکت کی اور دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں نے اسے ٹی وی چینلز کے ذریعے دیکھا جب کہ سعودی عرب کی جانب سے اس فائٹ کی میزبانی وزارت کھیل اور سعودی باکسنگ فیڈریشن کے مقاصد میں شامل ہے تاکہ سعودی عرب کی جانب سے کھیلوں کے سب سے اہم اور سب سے بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی جاری رکھنے کے اسٹریٹجک اہداف کو حاصل کیا جا سکے .
اس موقع پر سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا کہ ہمیں دوسری مرتبہ اس بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کرنے پر فخر ہے جو کہ ہمارے اہداف کو مضبوط کرتا ہے جس کا مقصد سعودی عرب کو دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرنا ہے، عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی کھیلوں کے شعبے کو ملنے والی بے مثال دلچسپی کی تصدیق کرتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں