ریلوے پل کا ایک حصہ ٹوٹنے کے باعث کوئٹہ اور سبی کے درمیان ٹرین آپریشن معطل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہیروک ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے پل کا ایک حصہ ٹوٹ گیاہے،پل ٹوٹنے کے باعث کوئٹہ اور سبی کے درمیان ٹرین آپریشن معطل کر دیا گیاہے . ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کی موجودگی میں پل کی بحالی کا کام جاری ہے،پل کی بحالی تک کوئٹہ اور سبی کے درمیان آپریشن معطل رہے گا .


سی ای او ریلوے فرخ تیمور غلزئی کے مطابق پل کی بحالی میں ایک ماہ لگ سکتا ہے،ہنگامی بنیادوں پر کام این ایل سی کے حوالے کیا جائے گا . واضح رہے کہ کراچی،پشاور اور لاہور سے کوئٹہ جانے کیلئے یہ واحد راستہ تھا جبکہ محکمہ ریلوے نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کچھ روز قبل ہی جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو معطل کر دیا تھا .
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا،ا نکا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں تباہی سے نمٹنے کیلئے قومی جذبہ دیکھنا ہو گا .

سیلاب متاثرین کیلئے قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہو گی،بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکار ہو گی . میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے،وسائل کو موبلائز کیا جا رہا ہے،تیز بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریلیف کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں .
عوام کی مدد سے متاثرین کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز بنایا جا سکتا ہے،وزیرا عظم فلڈ ریلیف اکاونٹ میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات جاری کی جا چکی ہیں . ادھر ملک میں بارشیں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن کا دورہ منسوخ کر دیا،وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس طلب کر لیا . وزیر اعظم نے قطر سے وطن پہنچتے ہی اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کردی ہے .

. .

متعلقہ خبریں