ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب کے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم جاری کردیا . سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم جاری کردیا گیا ہے .
بتایا گیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا حکم سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی معیشت اور عوام کی مدد کا اعادہ ہے .
بتایا گیا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو کو ٹیلیفونک رابطہ کرکے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے پاکستان میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے حکم سے متعلق آگاہ کیا . اسی طرح سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان اور وزیرخارجہ پاکستان بلاول بھٹو کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے بھی تبادلہ خیال کیا گیا .
سعودی العریبیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کواس وقت معاشی بدحالی اور مالی ادائیگیوں میں عدم توازن کا سامنا ہے، غیرملکی ذخائر 7.8ارب ڈالر تک گرچکے ہیں، جوبمشکل ایک ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہوں گے . پاکستان کو اس وقت مہنگائی، ڈالر کی قدر میں اضافے سمیت کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بھی اضافے کا سامنا ہے . یاد رہے اس سے قبل وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا .
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سعودی ہم منصب کو پاکستان میں غیرمعمولی سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا . سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی . دوسری جانب وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دورہ قطر میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ اپنی ملاقات کو انتہائی مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا ہے . انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے اپنے بہترین دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک مصروفیات کی اگلی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے . ہماری معیشت کے مختلف شعبوں میں قطر کی طرف سے 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکر گزار ہوں .