ابوظہبی میں ای بائیک و سائیکل سواروں پر500 درہم تک جرمانے کا فیصلہ

ابوظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات میں الیکٹرک بائیک اور سائیکل سواروں کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر 500 درہم تک جرمانے کا اعلان کردیا گیا . خلیجی میڈیا کے مطابق حکام نے متنبہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے گئے ای سکوٹر اور سائیکل سواروں کو 500 درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، اس ضمن میں ابوظہبی میں محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ (ڈی ایم ٹی) کے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر (آئی ٹی سی) نے ابوظہبی پولیس کے تعاون سے اعلان کیا کہ انہوں نے ابوظہبی میں انفرادی استعمال کے لیے سائیکلوں اور ای سکوٹرز کے ضابطے کی خلاف ورزی پر جرمانے کا نفاذ شروع کر دیا ہے .


کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد سلامتی اور حفاظت کے اعلیٰ ترین معیارات کو نافذ کرنا، مثبت طرز عمل کو فروغ دینا اور محفوظ معاشرے کے لیے ضابطے کی دفعات پر عمل کرنا ہے، ابوظہبی امارات میں سائیکلوں اور الیکٹرک بائک کے استعمال سے متعلق ضابطہ اور اس کی دفعات کی عدم تعمیل پر جرمانے کی رقم کا تعین کرتا ہے، حفاظتی ہدایات اور معیارات پر عمل کرنے میں ناکامی یا ممنوعہ سڑکوں اور علاقوں میں سائیکل چلانے سے متعلق خلاف ورزیوں کی صورت میں جرمانوں کی مد میں 200 سے 500 درہم کے درمیان رقم ادا کرنا ہوگی .
حکام نے کہا کہ تمام قسم کی الیکٹرک بائک اور سائیکلوں کی سواری سے متعلق ضوابط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ سوار کو رات کے وقت حفاظتی ہیلمٹ اور عکاس لباس پہننا چاہیے، وہ اپنی بائیک صرف مخصوص جگہوں پر پارک کر سکتے ہیں، انہیں ایسی جگہ نہیں چھوڑ سکتے جہاں وہ گاڑیوں یا پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا کریں، انہیں ٹریفک لائٹ پوسٹوں یا اسٹریٹ لائٹنگ کے کھمبوں سے بھی نہیں باندھنا چاہیے .
ضوابط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سائیکل سوار اور مائیکرو موبیلیٹی ڈیوائسز استعمال کرنے والے صرف ان لین اور سڑکوں کا استعمال کر سکتے ہیں جن کا مقصد سائیکل چلانا ہے، اگر اس علاقے میں کوئی ایسی لین نہیں ہے جہاں وہ سائیکل چلانا چاہتے ہیں تو انہیں سائیڈ روڈ استعمال کرنا چاہیے جہاں رفتار کی حد عام طور پر 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے، انہیں سڑک کے بالکل دائیں طرف یا ان فٹ پاتھوں پر رہنا چاہیے جو سائیکلوں کے استعمال کے لیے وقف ہیں، اس کے علاوہ بائیسکل کی حفاظتی ہدایات اور طریقہ کار پر ہر وقت عمل کیا جانا چاہیے، ایسے کسی بھی سٹنٹ سے جو خطرناک ہوں یا سواریوں، پیدل چلنے والوں یا سڑک استعمال کرنے والے کسی دوسرے صارف کے لیے مکمل طور پر گریز کریں .
حکام نے کہا کہ انہوں نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ای سکوٹر سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، ابوظہبی میں سائیکلوں، دستی اور ای سکوٹرز کے استعمال کی اجازت ہے تاہم سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننا چاہیے اور سڑک کے اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے اور سائیکل یا ای اسکوٹر میں صرف ایک سوار ہونا چاہیے .

. .

متعلقہ خبریں