متاثرین سیلاب کی مدد کرنا ہی اصل سیاست ، عمران خان سے متاثرین کیلئے مالی امداد کی اپیل کیلئے کہا ہے،پرویز الٰہی

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میںسابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ملاقات کی . سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اورپرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے .

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،سیلاب سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال اورامدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی .
چودھری پرویز الہٰی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں . چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متاثرین کے لئے مالی امداد کی اپیل کیلئے کہا ہے .
متاثرین سیلاب کی مدد کرنا ہی اصل سیاست ہے . مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گی-متاثرین کی پکار پر سب کو یکجان ہو کر ان کا سہارا بننا ہوگا .

جنوبی پنجاب، بلوچستان، کے پی کے اور سندھ میں تباہی پر ہر آنکھ اشکبار اور دل دکھی ہے . انسانی المیہ کو روکنے کیلئے سب کو ملکر مشترکہ اور مربوط انداز میں بحالی کا کام کرنا ہے . انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے گا . راولپنڈی میں گرلز ڈگری کالج پراجیکٹ کو جلد مکمل کریں گے . نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی . راولپنڈی کے عوام کے لئے فلاحی منصوبوں کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کروں گا . سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اجتماعی کاوش ضروری ہیں . مصیبت زدگان کی مدد ہر صاحب استطاعت کیلئے فرض ہے . ہنگامی حالات میں حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں .

. .

متعلقہ خبریں