لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اب تو مسلم لیگ (ن) نے بھی شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے ،امپورٹڈ ٹولہ صرف کرپشن اور لوٹ مار میں تجربہ کاری رکھتا ہے اس لئے ان سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی توقع کرنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ، عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں .
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اس وقت عوام کے لئے خوراک ،ان کے جان و مال اور پاکستان کو ناقابل بیان خطرات لا حق ہیں .
موجودہ مشکل وقت میں وفاق میں بیٹھا ٹولہ اپنا وہ کردار ادا نہیں کر سکا جس کی ضرورت تھی ،اس مشکل وقت میں قوم کو انتہائی سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہے .
انہوںنے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والی امداد اور اشیاء کی تقسیم کرتے وقت تمام متاثرین کو ایک نظر سے دیکھا جائے اور سیاسی طور پر کوئی تفریق نہ برتی جائے بصورت دیگر ملک میں انسانی المیہ جنم لے سکتاہے . انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا جذبہ بیدار ہے اور وہ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی فوری مدد اور بحالی کے لئے ان کی ہر طرح سے مدد کے لئے پر عزم ہے .