ملک میں 75فیصد حکومت عمران خان کی ہے اور گالیاں ہمیں دیتا ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک میں 75فیصد حکومت عمران خان کی ہے اور یہ شخص گالیاں اور طعنے ہمیں دیتا ہے . انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیلابی صورت حال بے قابو ہے .

دعا ہے اس پر قابو پالیا جائے . قدرت کی طرف سے جو آزمائش ہے وہ تو ہے ہی اس میں ہمارا اپنا بھی قصور ہے .
لوگوں نے بھی گزرگاہوں پر تجاوزات کر رکھی تھی . رشوت دے کر گھر اور ہوٹل تعمیر کیے گئے، کسی نے درست کہا کہ قدرت نے اپنی گزرگاہوں کو انسانوں سے واگزار کرالیا ہے . خواجہ آصف نے مزید کہا کہ خلیج سے امداد آنا شروع ہو گئی ہے، دیگر ممالک بھی امداد بھیج رہے ہیں . خواجہ آصف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان روز اپنا بیانیہ بدلتے ہیں .
ملک میں 75فیصد حکومت عمران خان کی ہے، ہمیں 24 میل حکومت کا طعنہ دیتا ہے، گالیاں دیتا ہے تو دیتا رہے . خواجہ آصف نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تباہی آئی ہوئی ہے لیکن عمران خان کو جلسوں کی پڑی ہے . دوسری جانب آذربائیجان نے بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے آذربائیجان نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے. صدر آذربائیجان نے کہا ہے کہ امداد کی رقم سیلاب متاثرین کی بحالی اور دیگر کاموں پر خرچ کی جائے گی دریں اثنا نیشنل ڈیزائسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 14 جون سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 982 ہو گئی ہے. وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی اپنے ٹوئٹرپیغام میں بتایا ہے کہ ترکی سے امدادی سامان لے کر دو جہاز کل کراچی پہنچیں گے کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل کل صبح ہوائی اڈے پر امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے امدادی سامان میں خیمے، ادویات اور دیگر اشیاءشامل ہیں .

. .

متعلقہ خبریں