شیخ زاید مسجد کی پارکنگ میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ

ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی شیخ زاید جامع مسجد کی پارکنگ میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے ایک شخص زخمی ہوگیا . اماراتی میڈیا کے مطابق شیخ زاید مسجد میں ایک گلائیڈر بیرونی پارکنگ لاٹ کی توسیع سے ٹکرا گیا، حادثے کے نتیجے میں ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئیں .

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سنگل انجن والا سیسنا کاروان لائٹ جہاز تھا، حادثہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث اس وقت پیش آیا جب وہ البطین پرائیویٹ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے جا رہا تھا کہ اس دوران یہ چھوٹا طیارہ خالی علاقے میں گر کر تباہ ہوا .
بتایا گیا ہے کہ حادثے میں پائلٹ کو معمولی چوٹ کے نتیجے میں علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا اور کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر، ابوظہبی پولیس کی جنرل کمان اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) کی تمام متعلقہ ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں .
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ واقعے کی وجوہات اور اثرات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں کیوں کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے جب کہ ابوظہبی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثے کے بارے میں افواہیں نہ پھیلائیں اور صرف سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں .

چند روز قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے سے پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا، طیارہ ریاض کے ثمامہ ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد حادثے کے بعد گر کر تباہ ہوا، اس طیارے میں صرف پائلٹ ہی واحد مسافر تھا جو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ ریسکیو ٹیمیں حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں .

. .

متعلقہ خبریں