سیلاب کی وجہ سے بلوچستان کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جس کی سے وجہ نا صرف آمد و رفت بلکہ سامان کی ترسیل اور امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات درپیش ہیں . تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا تاہم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی، چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں .


وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مواصلات کی سہولتوں کی بحالی کے لئے وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی ہمارے لئے باعث حوصلہ ہے اور امید ہے کہ دیگر متاثرہ شاہراہوں کی بھی جلد بحالی کے لئے این ایچ اے اپنا کردار بھرپور طور پر ادا کرے گی .
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کے دورے کیلئے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو ضلع کچھی میں سیلاب متاثرہ روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم شہبازشریف نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہا اور کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے فصلیں تباہ ہو گئیں، سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں، متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے، چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا، امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے .

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی اچھا کام کیا ہے، اس طرح کا کام سب کے لیے مشعل راہ ہوتی ہے، پوری قوم اس وقت یک جان دو قالب ہیں، سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہورہے ہیں، بدقسمتی سے 400 بچے جاں بحق ہوئے جو مجموعی ہلاکتوں کی ایک تہائی تعداد بنتی ہے، یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں سے بچوں کی جان بچانے کیلئے امداد کی اپیل کرتا ہوں، سب کو مبارکباد کہتا ہوں اور شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے قومی جذبے کے ساتھ کام کیا، قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایسی گھڑی میں سب مل کر کام کرتے ہیں، قومیں ایسے ہی امتحانوں سے نکلتی ہیں .
وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نے یہ یہاں کام کیا ہے ان کیلئے30 لاکھ روپے کا انعام کا اعلان کرتا ہوں، محکمے کے لوگوں نے بتایا بڑی محنت سے کام کیا، گیس پائپ لائن بھی بحال ہوجائے گی، گیس کی جو مرمت کر رہے ہیں، انہیں10 لاکھ روپے دیں گے، جو کمیٹی بنائی ہے وہ امانت اور دیانت سے سب کچھ ان کے حوالے کرے .

. .

متعلقہ خبریں