پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی محمد فہیم کا پارٹی سے علیحدگی کا اعلان

پشاور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی محمد فہیم نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد فہیم کا کہنا ہے کہ موجودہ رہنماوں کی قیادت میں مزید کام نہیں کرسکتا .

محمد فہیم نے پی ٹی آئی کے 20 سے زائد اراکین کے ساتھ روابط کا دعویٰ بھی کیا ہے . انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے .
محمد فہیم نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کے ہر محکمہ میں کرپشن ہورہی ہے . میرے ساتھ 20 سے زائد مزید اراکین رابطے میں ہیں، جلد مزید حقائق بتاؤں گا،پرویز خٹک کے علاوہ کسی کو لیڈر نہیں مانتے . عمران خان ملکی مفاد کے لیے کام نہیں کر رہے . اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیرقانون سلطان محمد خان کے خاندان پر کامیاب جرگہ ہوا اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی .
جرگہ میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹرسلیم خان، ضلعی صدر و ایم پی اے شکیل بشیرخان، اراکین صوبائی اسمبلی حاجی بہادرخان، صلاح الدین مومند اور دیگر مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین شامل تھے . اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ سلطان محمدخان کا خاندان 10ستمبر کو شام پانچ بجے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے .
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم چارسدہ سمیت پورے صوبے اور جہاں جہاں پشتون آباد ہیں، اتحاد اور اتفاق کو فروغ دیں گے، ہر پشتون پر جرگہ کریں گے اور انہیں ایک ہی چھتری کے نیچے لانے کی کوشش کریں گے . پی ٹی آئی کی جانب سے جاری پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ نو بال پر وکٹ کی بات کرنیوالے گھر میں بیٹھ کر خوشیاں منائیں . سلطان محمدخان کا خاندان ہمارا خاندان ہے اور آج کا جرگہ ایک اہم سنگ میل ہے . باچاخان نے قومی اتحاد کی بات کی تھی اور ہم آج اسی راہ پر گامزن ہے . ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ رکے گا نہیں اور بہت جلد مزید بڑے نام عوامی نیشنل پارٹی کا حصہ بنیں گی

. .

متعلقہ خبریں