تحریک انصاف ملکی بقاء کیلئے جنگ لڑ رہی ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملکی بقاء کیلئے جنگ لڑ رہی ہے . تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے این اے 157 میں اپنی صاحبزادی مہر بانو قریشی کی الیکشن کمپین کے دوران مختلف برادریوں اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں .

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایم این اے و یوسف رضا گیلانی کی قریبی ساتھی بیگم نسیم چودھری نے مہر بانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس سے پاکستان پیپلز پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے .
شاہ محمود قریشی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کا احترام اور مضبوطی کیلئے کام کیا، آئندہ بھی کرتے رہیں گے، شہباز شریف سیلاب زدگان کی امداد میں سیاست نہ کریں اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کی طرف بھی توجہ دیں .
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک بچانے نکلی ہے، ہماری پارٹی اقتدار کے لئے نہیں‘ملکی بقاء کیلئے جنگ لڑ رہی ہے، ملک بچانا ہے تو امپورٹڈ حکمرانوں کواقتدار سے الگ کرنا ہو گا، قوم نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے .
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کل ملتان میں تاریخی جلسہ ہو گا جس میں وہ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، این اے 157 میں عمران خان کا جلسہ ریفرنڈم ثابت ہو گا، عوام جلسے میں آئیں اور عمران خان کا بیانیہ سنیں، این اے 157 میں مہر بانو قریشی کی جیت یقینی دکھائی دے رہی ہے .

. .

متعلقہ خبریں