یو اے ای کا ملکہ برطانیہ کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان

ابوظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا، سوگ کا آج بروز جمعہ 9 ستمبر سے شروع ہوگا . مقامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر سوگ منانے کے لیے ملک کے سفارت خانوں اور سرکاری و نجی اداروں میں قوم پرچم 3 دن تک سرنگوں رہے گا، سوگ کا دورانیہ آج بروز جمعہ 9 ستمبر سے شروع ہوگا اور مجوعی طور پر تین دن تک جاری رہے گا جو پیر 11 ستمبر کو ختم ہوگا .


ملکہ برطانیہ کے انتقال پر حاکم دبئی، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا، حاکم دبئی کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ کے انتقال کے سوگ میں ہم بھی شریک ہیں، ملکہ ایک عالمی آئیکون ہیں جنہوں نے اپنی قوم اور لوگوں کی بہترین خصوصیات کی نمائندگی کی، برطانوی بادشاہت اور عوام کیلئے ملکہ کی خدمات ہماری جدید دنیا میں ایک بے مثال حیثیت رکھتی ہیں .
واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم گزشتہ شب انتقال کرگئیں، ان کی عمر 96 سال تھی، ان کی آخری رسومات لندن میں ادا کی جائیں گی جب کہ برطانیہ بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال سے برطانیہ پر ان کی 70 سالہ طویل بادشاہت کا اختتام ہو گیا . جمعرات کے روز اسکاٹ لینڈ میں واقع بالمورال شاہی محل میں موجود ملکہ برطانیہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبریں سامنے آئی تھیں، جن میں بتایا گیا کہ ملکہ کی طبیعت انتہائی ناساز ہے، ڈاکٹرز نے بھی اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا، برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے بھی ملکہ الزبتھ دوم کی تشویش ناک صحت کی تصدیق کی گئی .
بعد ازاں معلوم ہوا کہ ملکہ کی طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت منتقل کرنا پڑا جب کہ ملکہ کی خرابی صحت کی وجہ سے خاندان کے تمام افراد شاہی محل پہنچنا شروع ہو گئے تھے، ڈیوک اور ڈچز آف کیمرج شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن، شہزادہ چارلس پہلے سے ہی ملکہ کے پاس موجود تھے جبکہ خاندان سے دوری اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بھی اپنی تمام مصروفیات معطل کر کے فوری بالمورال شاہی محل پہنچنے کا فیصلہ کیا . شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو لندن میں ایک تقریب میں شرکت کرنا تھی تاہم ملکہ کی خرابی صحت کی اطلاعات ملنے پر دونوں نے ہنگامی طور پر اسکاٹ لینڈ میں واقع ملکہ کے محل پہنچنے کا فیصلہ کیا .

. .

متعلقہ خبریں