عراق کا پاکستانی زائرین کیلئے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان کردیا، پاکستان سے عراق جانے والے خواہشمند زائرین کے لیے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا . تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے عراقی ہم منصب عثمان علی فردہود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران پاکستانی زائرین کے ویزا اجراء میں تاخیر کے معاملے اور ویزا تعداد میں اضافے پر بات چیت کی گئی، پاکستانی زائرین کوعراق داخلے میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، وزیر داخلہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانی زائرین کو عراق داخل ہونے کی اجازت دینے کی درخواست کی .


بتایا گیا ہے کہ عراقی وزیر داخلہ عثمان علی فرہود کی طرف سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا گیا اورعراقی وزیر داخلہ نے مطالبات کی فوری منظوری اور ان پر بلا تاخیر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی، وزیر داخلہ کی درخواست پرعراقی ہم منصب کا پاکستانی زائرین کیلئے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان کیا، عراقی سفارتخانے میں زیر التواء پاکستانی زائرین کی تمام ویزا درخواستوں پر فی الفور عمل درآمد کا یقین دلایا .
معلوم ہوا ہے کہ عراقی وزیر داخلہ نے چہلم امام حسین پر پاکستانی زائرین کیلئے بھی خصوصی ویزا سہولت دینے کا اعلان کیا، پاکستان سے عراق جانے والے خواہشمند زائرین کیلئے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا، زائرین سمیت دیگر مسائل کے پائیدارحل کیلئے پاکستان عراق مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا، پاکستان اور عراق تعلقات کے فروغ اور داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈی نیشن بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا .
اس کے علاوہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے عراقی ہم منصب کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی، جس پر عراقی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد پاکستان آنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا شکریہ ادا کیا .

. .

متعلقہ خبریں