اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملکہ برطانیہ کی وفات پر پاکستان میں ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کردیا گیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کل بروز پیر 12 ستمبر کو ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا، جس کے باعث قومی پرچم سرنگوں رہے گا .
واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم گزشتہ شب انتقال کرگئیں، ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال سے برطانیہ پر ان کی 70 سالہ طویل بادشاہت کا اختتام ہوا، ان کی عمر 96 سال تھی، ملکہ الزبتھ کی وفات پر برطانیہ بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے . جمعرات کے روز اسکاٹ لینڈ میں واقع بالمورال شاہی محل میں موجود ملکہ برطانیہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبریں سامنے آئی تھیں، جن میں بتایا گیا کہ ملکہ کی طبیعت انتہائی ناساز ہے، ڈاکٹرز نے بھی اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا، برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے بھی ملکہ الزبتھ دوم کی تشویش ناک صحت کی تصدیق کی گئی .
بعد ازاں معلوم ہوا کہ ملکہ کی طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت منتقل کرنا پڑا جب کہ ملکہ کی خرابی صحت کی وجہ سے خاندان کے تمام افراد شاہی محل پہنچنا شروع ہو گئے تھے، ڈیوک اور ڈچز آف کیمرج شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن، شہزادہ چارلس پہلے سے ہی ملکہ کے پاس موجود تھے جبکہ خاندان سے دوری اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بھی اپنی تمام مصروفیات معطل کر کے فوری بالمورال شاہی محل پہنچنے کا فیصلہ کیا . شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو لندن میں ایک تقریب میں شرکت کرنا تھی تاہم ملکہ کی خرابی صحت کی اطلاعات ملنے پر دونوں نے ہنگامی طور پر اسکاٹ لینڈ میں واقع ملکہ کے محل پہنچنے کا فیصلہ کیا .