اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو 53 ملین ڈالرز سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے دیے ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، امریکا خواتین کو خود مختار بنانے پر پوری توجہ دے رہا ہے . انہوں نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگوں سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر تعزیت کرتا ہوں، امریکا نے پاکستان کو 53 ملین ڈالرز امداد کی مد میں دیے ہیں، کانگرنس کے ممبران نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا .
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ کورونا میں بھی خواتین اور بچے متاثر ہوئے تھے، خواتین کو پاکستان میں بااختیار بنانے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، امریکا خواتین کو خود مختار بنانے پر پوری توجہ دے رہا ہے .
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئندہ دوتین ہفتوں میں پانی اترجائےگا اور لوگ اپنے گھروں میں چلے جائیں گے، سیلاب متاثرین یاد رکھیں گے کون ان کے پاس آیا اور کون اسلام آباد میں بیٹھا رہا، کون فیلڈ میں کام کررہا سب میرے علم میں ہے، اظہاریکجہتی کی بجائے عملی کام کی ضرورت ہے .
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی معاشی اور سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال پر بھی بات کی گئی . وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی وزرا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھیں، ارکان کابینہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا سکتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کی ذمہ داری پاکستان پر عائد نہیں ہوتی مگر قیمت ادا کردی .
یواین سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انتونیو گوتریس نے کہا عالمی حدت کے باعث پاکستان کو مشکل کا سامنا ہوا، انتونیوگوتریس نے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے زیراثر ہے، انتونیوگوتریس نے کہا متاثرین سے اظہار یکجہتی کافی نہیں عملی کام کی ضرورت ہے، پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہوئی دنیا کو اس کا ازالہ کرنا چاہیے .
شہبازشریف نے کہا کہ اس بات میں شک نہیں ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، عوام یاد رکھیں گے کون ان کے پاس آیا اور کون اسلام آباد میں بیٹھا رہا . نیوز ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ کے اراکین اپنے کام کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کےلئے بھی کام کریں جو بھی اس کارخیر میں حصہ لے رہے ہیں ان کو اپنی اورکابینہ کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں اور جو اس کارخیرمیں اپنا حصہ نہیں ڈال رہے ان سے استدعا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اس میں حصہ ڈالیں .
انہوں نے کہا کہ قوم کو بخوبی یہ علم ہوچکا ہے کہ کون ان کے دکھ درد میں مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑا ہے اور کون سیر سپاٹے کررہا ہے . انہوں نے کہا کہ ایک دو ہفتوں بعد پانی اترنے کے بعد توقع ہے کہ لوگ اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد ہوجائیں گے ، مخیر حضرات اور امدادی کارروائیو ں میں مصروف لوگوں کو علم ہے کہ اس وقت ملک کی صورتحال کیا ہے . انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ارکان کی جانب سے کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن ان سے استدعا ہے کہ وہ مزید اپنا حصہ ڈالیں ، یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن اس کا اجربھی ملے گا جو لوگ سیلاب پر سیاست کررہے ہیں ان سے عوام بخوبی آگاہ ہیں ، وقت آئے گا کہ عوام ان سے اس کا حساب لیں گےاور جو مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ان کو شاباش بھی دیں گے .