طالبان کو اعتماد میں لے لیا ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ طالبان کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے . انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف وہ لوگ آتے تھے جن کو شمالی اتحاد اور دیگر لوگوں سے مسئلہ تھا تاہم طالبان کواعتماد میں لے لیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو .

ہم ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور اب تک کی تمام تر صورتحال اطمینان بخش ہے . شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چمن اور طورخم بارڈر کھلا ہے اور گذشتہ روز بھی کچھ پاکستانی وطن واپس آئے ہیں . سرحد پر مہاجرین کی ابھی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی . شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزارت داخلہ میں 24 گھنٹے ویزے جاری ہو رہے ہیں اور افغان طالبان سے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے . افغان طالبان پر یہ بھی واضح کیا ہے کہ افغانستان ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا . انہوں نے کہا کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا پہلا طیارہ واپس آگیا تھا . واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان نے ملک میں جاری جنگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا . ترجمان طالبان محمد نعیم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ملک و قوم کی آزادی کا مقصد حاصل کر لیا ہے اور ہم کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے . طالبان کو 20 سالہ جدوجہد اور قربانیوں کا پھل مل گیا . دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبد الغنی برادر نے کابل کی فتح پر مبارکباد کا پیغام جاری کر دیا، انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کی اصل آزمائش اب شروع ہوئی ، عوام کی خدمت کرکے دنیا کے لیے مثال قائم کرنا چاہتے ہیں . افغانستان میں نئے نظام حکومت کی شکل جلد واضح ہو جائے گی . ہم پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں جبکہ ہمیں اشرف غنی کے فرار ہونے کی امید نہیں تھی لیکن اب افغانستان میں جنگ ختم ہو گئی ہے . افغانستان کی سر زمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی . امید ہے غیرملکی قوتیں افغانستان میں اپنے ناکام تجربے نہیں دہرائیں گی . دوسری جانب طالبان نے افغانستان کے سرکاری ٹی وی پر نشریات کا آغاز کر دیا ہے اور سرکاری ٹی وی پر طالبان کی جانب سے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی گئی . . .

متعلقہ خبریں