پی آئی اے کا اسلام آباد سے چین کیلئے کرایوں میں 10فیصد کمی کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اسلام آباد سے چین کیلئے کرایوں میں 10فیصد کمی کا اعلان کردیا، طلباء پی آئی اے دفاتر سے 22 فیصد رعایتی ٹکٹ حاصل کرسکیں گے اور انہیں 80 کلو سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔ دنیا نیوز کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز پی آئی اے نے اسلام آباد سے چین کیلئے کرایوں میں فوری10 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے لیکن جو طلباء پی آئی اے دفاتر سے ٹکٹ حاصل کریں گے وہ 22 فیصد رعایتی ٹکٹ حاصل کرسکیں گے، اسی طرح انہیں 40 کلو کے بجائے 80 کلو سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کا اطلاق پاکستان سے روانہ ہونے والی پروازوں پر فوری نافذالعمل ہوگا، پی آئی اے چین کے شہروں چینگدو اور شیان کیلئے دو ہفتہ وار پروازیں چلائی جائیں گی۔
دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان اور خوراک لے کر اب تک 62 پروازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں،ان پروازوں کے ذریعے کروڑوں ڈالر کا امدادی سامان سیلاب متاثرین کے لیے پہنچایا گیا ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ 36 ہوائی جہاز متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچے، جن میں سے 23 طیارے متحدہ عرب امارات حکومت اور عوام کی طرف سے سامان لے کر آئے جبکہ 13 طیاروں نے یونائیٹڈ نیشن کا امدادی سامان کراچی پہنچایا۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق جمہوریہ ترکیہ سے امدادی سامان لیکر 11 خصوصی طیارے کراچی پہنچے، جبکہ چین سے 4، قطر سے 3، سعودی عرب سے 2 جبکہ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، یونسیف، جورڈن اور نیپال سے ایک ایک امدادی پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتری۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حکومت سندھ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، موفا، پاکستان آرمی اور دیگر اداروں کے متعلقہ افسران مسلسل کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہیں جو امدادی سامان لے کر آنے والے طیاروں کا استقبال کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert