13ویں منزل پر کھڑکی سے لٹکتے بچے نے سب کی دوڑیں لگوادیں

شارجہ (قدرت روزنامہ) شارجہ میں رہائشی عمارت کی 13ویں منزل پر کھڑکی سے لٹکتے بچے نے سب کی دوڑیں لگوادیں، 5 سالہ بچے کو بچانے کیلئے اپارٹمنٹ کا دروازہ توڑنا پڑ گیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق پڑوسیوں اور چوکیدار ایک ایسے 5 سالہ بچے کو بچانے میں کامیاب ہوگئے جو شارجہ کے الطاوون علاقے میں ایک عمارت کی 13ویں منزل سے گرنے والا تھا کیوں کہ بچہ کھیلتے ہوئے کھڑکی میں پھنس گیا تو پڑوسیوں نے اسے گلی سے دیکھ لیا، جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور اسے بچانے کی کوشش کی۔
ایک مقامی شخص عادل عبدالحفیظ نے میڈیا کو بتایا کہ کام سے واپسی پر اس نے راہگیروں کو 13ویں منزل پر موجود کھڑکیوں میں سے ایک میں ایک بچے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دیکھا، اس نے فوراً چوکیدار کو اطلاع دی اور بچے کو بچانے کے لیے 13ویں منزل پر چڑھ گئے۔
انہوں نے مزید کہا ہم نے دروازہ کھٹکھٹایا تو کسی نے نہیں کھولا، میں نے بچے کے والد کو فون کیا جس نے کہا کہ وہ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو جائیں اور بچے کو گلی میں گرنے سے بچائیں، انہوں نے ہمیں اجازت دی تو ہم فوراً اندر داخل ہو گئے، بچہ بڑی مشکل سے کھڑکی کا کنارہ پکڑ کر صرف انگلیوں کے سہارے کھڑا تھا، میں نے اس کے ہاتھ پکڑے اور اسے آہستہ آہستہ اوپر کیا، کھڑکی کا دروازہ تنگ تھا اس لیے چوکیدار نے اسے اس وقت تک اٹھایا جب تک بچے کو اندر نہ لایا گیا اور اسے بچا لیا، جس کے بعد پولیس کے 6 گشتی دستے، ایمبولینسیں اور بچے کی والدہ وہاں پہنچ گئیں اور میں واقعے کی رپورٹ درج کرانے اور اپنے بیانات دینے تھانے چلا گیا۔

عمارت کے چوکیدار محمد رحمت اللہ نے بتایا کہ میں نے بچے کو دیکھنے کے بعد پڑوسیوں سے کہا بچے کے گرنے کی صورت میں فرش پر کمبل اور ایک گدا رکھو جب کہ میں رہائشیوں کے ساتھ اپارٹمنٹ میں گیا اور بچے کو بچانے کے لیے اس اپارٹمنٹ کا دروازہ توڑ دیا۔ شارجہ سول ڈیفنس نے تصدیق کی کہ جیسے ہی اسے عمارت کی بلندی میں ایک بچے کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی تو ریسکیو ٹیم فوری طور پر اسے بچانے کے لیے آگے بڑھی اور وہاں پہنچنے پر انہیں معلوم ہوا کہ بچے کو پہلے ہی بچا لیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert