لانگ مارچ کی تیاریاں، عمران خان نے ملاقاتیں شروع کر دیں

پشاور(قدرت روزنامہ) سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ملاقاتیں شروع کر دیں . پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی کال سمیت پارٹی امور پر مشاورت شروع کر دی .

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا . اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر، پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور سمیت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی شریک ہوئے .
خیبرپختونخوا سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹ اور تحصیل ناظمین و ٹکٹ ہولڈرز بھی شریک ہیں . اجلاس میں احتجاج کی کال سمیت پارٹی امور پر مشاورت کی گئی . وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور عدالتوں پر حملہ مسلم لیگ ن کا خاصہ ہے .
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا جھوٹ پوری قوم دیکھ چکی ہے اور مریم نواز کو پتہ نہیں کہ ان کا دادا غریب گھرانے سے تھا یا ارب پتی سرمایہ کار تھے .

انکا کہنا تھا کہ بھکاریوں کے اس ٹولے کو قوم مزید برداشت نہیں کرے گی . تعصب سے بھری جماعت کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور بھکاریوں کے اس ٹولے کو قوم مزید برداشت نہیں کرے گی . عدالتوں سے مفرور لوگ قوم کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے . انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ میں دین اسلام سے متعلق خطاب کیا اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی .
ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت معیشت کے زوال کو روکنے میں ناکام رہی . عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت بغیر کسی سمت کے چل رہی ہے اور امپورٹڈ حکومت نے صرف ایک اور این آر او کے لیے اپنے مقاصد حاصل کیے . قوم سوال کر رہی ہے کہ پاکستان کے خلاف سازش کون کر رہا ہے ؟عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں معاشی ترقی کی شرح 6 فیصد تھی اور ہمارے دور میں زراعت،تعلیم،معیشت کی ترقی ہوئی اور روزگار کے مواقع بڑھ گئے تھے .

. .

متعلقہ خبریں