اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی سربراہ اجلاس میں بھارتی ہم منصب سے بات چیت سے گریز کیا . وزیراعظم کے ساتھ دورے پر گئے وفاقی وزیر کے مطابق بھارتی ہم منصب سے ملاقات ایک ایشو بن جاتا .
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں بھی یہی پالیسی رکھیں گے .
بھارت کے ساتھ تجارت کے معاملات پر بھی بات چیت نہیں کر رہے . یہ پالیسی کا حصہ ہے، بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور سیلاب کے باعث ہم مشکل میں ہیں . انہوں نے کہا بھارت تجارت کے معاملے پر خود بات کرے تو ایک الگ بات ہے . خیال رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ازبکستان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوئے تو ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف نے سمرقند ایئرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو الوداع کیا .
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امام بخاریؒکے روضہ پر حاضری دی . وزیراعظم نے دورہ کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب کیا . وزیراعظم نے دورہ کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں . وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلی ترقی میں رکاوٹ اور پسماندگی کا باعث ہے .
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ سمرقند سے اس اطمینان کے ساتھ روانہ ہو رہے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کے بارے میں اب آگاہی بڑھی ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری ترقی میں رکاوٹ اور عشروں کی پسماندگی کا سبب ہے، ہمیں متحد ہو کر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا ہو گا .