انقلاب دستک دے رہا ہے‘ پرامن الیکشن سے راستہ فراہم کیا جائے؛ عمران خان

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انقلاب دستک دے رہا ہے، پرامن الیکشن سے راستہ فراہم کیا جائے . میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعطم عمران خان سے پنجاب کی صوبائی کابینہ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے انتظامی و سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین تحریک انصاف نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ارکان اسمبلی کو آئندہ لائحہ عمل کیلئے ہدایات جاری کیں .


اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے، پرویز الہٰی ایک عملی سیاستدان ہیں، ہم نے بھرپور ساتھ دینا ہے، پنجاب میں تحریک انصاف سے عوام حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل توقع کر رہے ہیں، پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے موقف پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے .
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے، پرامن انتخاب کے ذریعے راستہ فراہم کیا جائے، ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے کیوں کہ فوری انتخابات تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ ملک کی بھی ضرورت ہیں . دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی لندن میں ہوئی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کسی کا دباؤ قبول نہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سلمان شہباز بھی شریک ہوئے، اس موقع پر وزیر اعظم نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا ، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی .

. .

متعلقہ خبریں