شہباز نواز ملاقات‘ بنا کوئی دباؤ قبول کیے الیکشن مقررہ وقت پر کرانے پر اتفاق

لندن(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی لندن میں ہوئی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کسی کا دباؤ قبول نہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے . دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سلمان شہباز بھی شریک ہوئے، اس موقع پر وزیر اعظم نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا ، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی .


ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے نوازشریف سے نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کی تردید کردی، لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق گفتگو نہیں ہو گی، آرمی چیف کی تعیناتی پر نومبر میں مشاورت کا آغاز ہو گا، آرمی چیف کی تعیناتی پر وزارت دفاع ، جی ایچ کیو اور وزیراعظم مشاورت کرتے ہیں، اہم تعیناتی کو سیاسی ایشو نہیں بنانا چاہیے، نہیں چاہتے کوئی ایسا فیصلہ کریں جس سے ہماری مشکلات میں اضافہ ہو، آرمی چیف کی تعیناتی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی، عمران خان پہلا سیاسی لیڈر اور پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جو ادارے سے مداخلت چاہتے ہیں .
وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف میرے قائد اور پاکستان کا اثاثہ ہیں، اتنا بڑا اثاثہ مشکل سے ملتا ہے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے، اگر نواز شریف کو کل پاکستان آنا ہے تو میں چاہتا ہوں کہ وہ آج آجائیں لیکن نواز شریف کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں نواز شریف کے ساتھ جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ ہو .

. .
Ad
متعلقہ خبریں