اسلام آباد (قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن آف پاکستان ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر برہم ہوگیا، انتخابات میں ہیلی کاپٹر اور سرکاری مشینری استعمال کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وزراء مشیران کے خلاف کیس چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی جاری رہی تو الیکشن ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے .
اعلامیہ الیکشن کمیشن میں بتایا گیا کہ آج الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس جناب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا ، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی .
اجلاس میں چیف الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ، وزراء اور مشیروں کی طرف سے متواتر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سرکاری مشینری اورہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہو ئے چیف سیکرٹری اورایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی گورنمنٹ کو جا کر بتائیں کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کرےگا .
الیکشن کمیشن آرٹیکل(3)218 کے تحت اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں اورامیدواروں کو یکساں مواقع میسر ہوں . الیکشن کمیشن تمام آئینی اور قانونی اختیارات کو استعما ل کرتے ہوئے آئین ،قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تمام پارٹیوں ، امیدواروں اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائے گا .
الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو کہا کہ وہ اپنی گورنمنٹ کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا پیغام پہنچائے اور بطورچیف سیکرٹری وہ بھی صوبہ میں پر ُامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا پابند ہے . لہذا ایسے تمام اقداما ت یقینی بنائیں جس سے ضمنی انتخابات کا پُرامن انعقاد ممکن بنایا جا سکے . الیکشن کمیشن نے مزید واضح کیا کہ اگر صوبائی حکومت الیکشن کی معاونت پر تیار نہ ہوئی تو الیکشن کمیشن صوبہ میں ضمنی انتخابا ت ملتوی کرنے پر مجبور ہوگا . مزید الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ اس کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوگی اور دفتر کو حکم دیا کہ اس سلسلے میں ضروری نوٹس جاری کیئے جائیں .