شکار پور (قدرت روزنامہ) صدر پی ڈی ایم اور سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان جلسوں میں ملک کو کس سے آزاد کرنے کی بات کررہا ہے؟ عمران خان نے ملک کو تباہ کیا وہ بات آج سچ ثابت ہوئی،عمران خان کو سننے والے احمق لوگ ہیں . انہوں نے شکار پور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں آئے 4 ماہ ہوئے ہیں 4 سال کی تباہی درست کرنے میں وقت لگے گا، کہا تھا عمران خان ملک کو تباہ کررہا ہے آج وہ بات سچ ثابت ہوئی، ملک میں قدرتی آفت آئی ہوئی ہے اور عمران خان جلسے کررہا ہے .
عمران خان جلسوں میں کس سے ملک کو آزاد کرنے کی بات کررہا ہے؟ عمران خان کو سننے والے احمق لوگ ہیں . دوسری جانب سندھ میں بارش اور سیلاب کی تباہی سے بے گھر ہونے والے لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے متاثرین مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں .
سندھ میں سیلاب سے ملیریا، ہیضے، ڈائریا اور دیگر امراض پھوٹ پڑے، بچے، بوڑھے اور خواتین ان بیماریوں سے متاثر ہو ئے .
عینی شاہدین کے مطابق متاثرین اور بیماروں کی تعداد بہت زیادہ بڑھتی جا رہی ہے ،طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، ایسے میں سماجی اور فلاحی تنظیمیں بھی سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں . سیلاب متاثرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کا اکیلے اتنی بڑی تعداد میں متاثرین کو ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں اس لیے عالمی برادری آگے بڑھے اور متاثرین کو ہرممکن ریلیف فراہم کرے .
واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 25 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں . محکمہ صحت کے مطابق 20 ہزار کے قریب افراد جلدی امراض میں مبتلا ہوئے، ڈائریا کے 17 ہزار 919 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملیریا کے 2 ہزار 622 اور ڈینگی کے 64 مریضوں کی تصدیق ہوئی .