اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، وزیر داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو وارننگ دے دی . وزیر داخلہ رانا ثناء نے لانگ مارچ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے دارلخلافہ پر چڑھائی کے لیے جو صوبے لانگ مارچ کو سپورٹ کریں گے اس کے خلاف کاروائی کا اختیار آئین وفاقی حکومت کو دیتا ہے، یہ معاملہ وفاقی کابینہ اور وزیر کے ساتھ ڈسکس کرکے اختیار کو استعمال کیا جائے .
راناثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان پوری قوم کو بدتمیزی سکھا رہا ہے،نوجوان نسل کو گمراہ کر رہا ہے،ایسا شخص کسی کا لاڈلا نہیں ہو سکتا،لانگ مارچ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جو صوبے اس قسم کے مارچ کی سپورٹ کریں گے جس میں اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کی کوشش کی جائے گی، تو ان صوبوں کے خلاف وفاقی حکومت اختیار استعمال کرے گی .
دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں . رات 2 بجے پیٹرول پر شب خون مار کر 1 روپے 50 پیسے روپے اضافہ کر دیا ہے . ہر روز روپے کی قدر میں کمی جبکہ اجناس،پیٹرول اور بجلی میں اضافہ ہو رہا ہے . شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ طاقتور بے قصور اور غریب قصوروار ٹھہرے ہیں .
الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں اسکا فیصلہ ہونے والا ہے . ہائیکورٹ نے پیناڈول دلائی اور اب آٹا بھی دلائے . سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج 70 وزراء 2 کے اضافے کے بعد تعداد میں 72 ہوگئے ہیں . لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں،یہ امریکہ کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر رہے ہیں . ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے . پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے جبکہ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے .