دبئی (قدرت روزنامہ) دبئی میں 1300 درہم تنخواہ حاصل کرنے والے کار واش ورکر نے محظوظ ڈرا میں 10 ملین درہم جیت لیے، ایشیائی باشندہ اپنے اس انعام کو برین ٹیومر میں مبتلا اپنے چھوٹے بھائی کے طبی اخراجات کی ادائیگی میں مدد کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے . اماراتی میڈیا کے مطابق ایک نیپالی کار واشر 31 سالہ بھرت بی کے محظوظ قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ملین درہم کا تازہ ترین فاتح بن گیا ہے،31 سالہ بھرت نے کہا کہ اس جیت کے ساتھ پہلی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ میرا خاندان آباد ہو .
بتایا گیا ہے کہ تین سال قبل دبئی پہنچنے والے بھرت کا صرف ایک مقصد اپنے 25 سالہ چھوٹے بھائی کا علاج جاری رکھنے میں مدد کرنے کے لیے کافی رقم کمانا تھا، جو دماغی رسولی کا شکار ہے، اس کے والد ہندوستان میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتے ہیں اور باپ بیٹے کی جوڑی طبی اخراجات اٹھا رہی ہے .
انہوں نے کہا کہ میرا بھائی نئی دہلی بھارت میں زیر علاج ہے، ایک سرجری کے دوران وہ فالج کا شکار ہو گیا اور اس کی سماعت ختم ہو گئی، اس رقم سے مجھے اس کی بہتر دیکھ بھال کرنے میں مدد ملے گی، اس کے علاوہ میں اپنے پانچ سالہ بیٹے اور دو سالہ بیٹی کا مستقبل بھی محفوظ بنانا چاہتا ہوں .
اس سے پہلےدبئی میں ایک بے روزگار پاکستانی خاتون بھی اپنی قسمت پر حیران رہ گئی کیوں کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ عارفہ نے 63 ویں ہفتہ وار لائیو محظوظ ریفل ڈرا میں ایک لاکھ درہم جیت لیے ، پاکستانی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہم وطن جنید کی آن لائن 50 ملین درہم کی تاریخی جیت کی کہانی دیکھ کر محظوظ میں شرکت کے لیے متاثر ہوئی کیوں کہ میں پریشانیوں میں ڈوبی ہوئی تھی اور محظوظ میرا آخری سہارا تھالیکن مجھے یقین نہیں آرہا کہ اس کا نتیجہ نکل گیا .
بتایا گیا ہے کہ عارفہ کا اس رقم کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کے اہداف ہیں لیکن اس نے کہا ہے کہ وہ اس رقم کو ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے بھی استعمال کرے گی ، حالانکہ وہ خود کوویڈ 19 کی وجہ سے پچھلے ڈیڑھ سال سے بے روزگار ہے ، عارفہ نے کہا کہ جب بھی میرے پاس کچھ پیسہ آتا ہے چاہے وہ تھوڑا ہی کیوں نہ ہو میں اس میں سے کچھ ضرورت مند خاندانوں کو دیتی ہوں ، محظوظ جیتنے سے مجھے آخر کار زندہ رہنے میں مدد ملے گی اور اپنے آن لائن ملبوسات کا کاروبار شروع کرنے میں مدد ملے گی جو ایک رکاوٹ کا شکار تھا جب کہ انعامی رقم میں سے کچھ ان کی والدہ کو بھی پاکستان میں وطن واپس بھیجی جائے گی .