قطر نے یکم نومبر سے وزٹ ویزا بند کرنے کا اعلان کردیا

دوحہ(قدرت روزنامہ) خلیجی ملک قطر نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران وزٹ ویزوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا . مقامی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے یکم نومبر 2022ء سے ریاست قطر میں فضائی، زمینی اور سمندری سرحدوں کے ذریعے تمام سیاحوں کے داخلے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فیفا ورلڈ کپ کے دوران صرف ہیا کارڈ ہولڈرز کو ہی ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جب کہ وزٹ ویزوں کا اجراء 23 دسمبر 2022ء سے دوبارہ شروع کیا جائے گا .


بتایا گیا ہے کہ اس کا اعلان فیفا ورلڈ کپ کے دوران قطر میں داخلے اور اخراج کے ضابطوں کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا، اس دوران وزارت کی جانب سے مزید اعلان کیا گیا کہ قطر میں داخلے کی اجازت صرف ہیا کارڈ ہولڈرز کے لیے ہے اور وہ 23 جنوری 2023ء تک ملک میں رہ سکیں گے، یکم نومبر سے 23 دسمبر 2022ء کے درمیان قطر میں داخلے کی معطلی سے درج زیل زمرے مستثنیٰ ہیں؛
- قطری شہری، رہائشی اور جی سی سی کے شہری جن کے پاس قطری شناختی کارڈ ہے .
- ذاتی بھرتی کے ویزے اور ورک انٹری پرمٹ کے حامل افراد
- ہوائی اڈے کے ذریعے انسانی ہمدردی کے معاملات (آفیشل ایپلیکیشن پلیٹ فارم سے منظوری کی بنیاد پر)
علاوہ ازیں قطر ورلڈ کپ 2022ء کی فضائی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے دوحہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دوبارہ کھولے گا، دوحہ ہوائی اڈہ اس وقت سے نیم ریٹائرمنٹ میں ہے جب اسے 2014ء میں قریبی حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے نے تبدیل کر دیا تھا، جو اس کے بعد فلیگ شپ کیریئر قطر ایئرویز کی ترقی کے ساتھ ایک بڑا عالمی مرکز بن گیا ہے تاہم قطر اب دوحہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دوبارہ کھول دے گا جو اس وقت بنیادی طور پر قطر کے شاہی خاندان اور وی آئی پیز کے ساتھ اس کی فضائیہ کی پروازوں کے لیے استعمال ہو رہا ہے .
بتایا گیا ہے کہ قطری حکام نے حماد سے دوحہ کے ہوائی اڈے پر واپسی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم کویت کی جزیرہ ایئرویز، متحدہ عرب امارات کی فلائی دبئی، عمان کی سلام ایئر اور ترکی کی پیگاسس ایئر لائنز نے دوحہ ایئرپورٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی ہے کیوں کہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء سے قبل 10 لاکھ سے زیادہ سیاحوں کی قطر آمد متوقع ہے .

. .

متعلقہ خبریں