سعودیہ کا یوم وطنی‘ رانا ثنااللہ کے تلوارڈانس کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی جانب سے سعودی عرب کے روایتی تلوار ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی . اُردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے اسلام آباد میں 2 روزہ ثقافتی شو منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ سمیت حکومتی شخصیات اور عام افراد نے بھی شرکت کی جہاں موجود فیملیز کو سعودی سفارت خانے کی جانب سے تحائف بھی دیے گئے، اس تقریب کی وائرل ویڈیو میں کچھ لوگوں کو سعودی عرب کا روایتی تلوار ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جن میں موجود وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ بھی تلوار اٹھائے سعودی عرب کا روایتی تلوار ڈانس کر رہے ہیں .


بتاتے چلیں کہ سعودی عرب میں ہر سال 23 ستمبر کو قومی دن منایا جاتا ہے، یہ دن 1932 میں عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے سعودی عرب کے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے، 23 ستمبر 1932ء کو سعودی عرب کی حکومت کا قیام عمل میں آیا، جب سلطان عبدالعزیز ابن سعود نے نجدو حجاز کے تمام علاقوں پر فتح و نصرت کا پرچم لہرایا اور عرب کے اس خطے کا نام المملک العربی السعودیہ رکھا گیا اور رواں برس سعودی عرب کا 92 واں قومی دن منایا جارہا ہے جس کی مناسبت سے تجارتی اداروں نے اپنی چند مصنوعات کے لیے 92 ریال کا نرخ مقرر کیا .
سعودی عرب میں قومی دن کی مناسبت سے تمام سرکاری ادارے بند رہتے ہیں جب کہ سعودی قومی دن لوک گیتوں کے رقص، گانوں اور روایتی تہواروں کے ساتھ منایا جاتا ہے، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں، مملکت میں چاروں طرف سبز اور سفید سعودی غبارے بھی لگائے جاتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں