اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری نظر میں جو شخص راہ حق سے اتر کر ضمیر کا سودا کرے وہ شرک کرتا ہے، ملک پر قابض لوگ پلیٹ میں رکھ کر آزادی نہیں دیں گے، فیصلہ کیا تھا قوم کو کبھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا، اسی لیے آزاد فارن پالیسی کا فیصلہ کیا . انہوں نے اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں، جدوجہد کرنی پڑتی ہے اور جہاد کرنی پڑتی ہے، جو لوگ اربوں کھربوں پتی بن چکے ہیں وہ اس نظام پر قبضہ کرکے وہ کبھی آرام سے ہمیں آزادی نہیں دیں گے، یہ تحریک پاکستان کے بعد جب ہمارے بڑوں نے جدوجہد کرکے پاکستان بنایا، یہ اس کے بعد سب سے بڑی تحریک ہے، حقیقی آزادی کے بارے لوگ آپ سے پوچھیں گے، سب سے پہلے ذہن اور دماغ میں کیسی آتی ہے، جب آپ لاالہ الااللہ کا دعویٰ کرتے ہیں تو پھر آزادی کا دعویٰ کرتے ہیں، جب آپ ایک اللہ کے سامنے جھکتے ہیں تو بھی آپ آزادی کا دعویٰ کرتے ہیں، رحمت اللعالمین سوسائٹی بنائی کہ سکالرز لوگوں کو اور بچوں کو بتائیں کہ ہمارے نبی پاک ﷺ نے مدینہ میں کیا ایسا کیا کہ 10سالوں میں لوگوں کوتبدیل کردیا، وہ انقلاب فکری انقلاب تھا، ان جنگوں میں 12سو سے 13سو لوگ مرے تھے .
سب سے پہلے ہم نے آپ کو آزاد کرنا ہے، یہ نہ سمجھیں پتھر کے بتوں کو پوجا کرنا شرک ہے، میری نظر میں جب کوئی انسان اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے اور ضمیر کو بیچتا ہے اور راہ حق سے اتر جاتا ہے تو میری نظر میں وہ شرک ہے، نوجوانوں یاد رکھنا میرے سے بہت زیادہ صلاحیتیں لوگوں میں تھیں، لیکن مجھ میں ایک چیز تھی جو میرے والدین نے بچپن میں میرے ذہن میں ڈالی کہ تم آزاد ملک میں پیدا ہوئے .
وہ بات میرے ذہن میں تھی، میں نے کبھی اپنے لوگوں کو جھکنے نہیں دینا تھا،سب سے پہلے آزاد فارن پالیسی کا فیصلہ کیا . میں ایک آزاد انسان ہوں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، جب ایک انسان ایمان لے آتا ہے تو اللہ اس کے خوف کے بت کو توڑ دیتا ہے . میں 70سال کا ہونے والا ہوں، میں زندگی میں کبھی ایسے انسان کو نہیں ملا جس نے اپنے خوف پر قابونہ پایا ہو، کبھی ایک بزدل آدمی بڑا لیڈر نہیں بن سکتا، کبھی بزدل بڑا بیٹس مین اور باؤلر کبھی بڑا باؤلر نہیں بن سکا، جو بھی لوگ اوپر گئے انہوں نے اپنے خوف پر قابو پایا .
تین طرح کے خوف انسان کو غلام بنا دیتے ہیں، مرنے کا خوف، ذلیل ہونے اور رزق جانے کا خوف انسان کو غلام بنا دیتا ہے . میں وہ پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں جو کسی دوسرے ملک کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکے، دہشتگردی کی جنگ میں 80ہزار پاکستانی شہید ہوئے، ملک الگ تباہ ہوا، 400ڈرون حملے ہوئے . ایک فلم بھی آرہی ہے، ہماری حکومت نے خود ان کو اجازت دی اور انہوں نے ہمارے ملک پر آکر ڈرون حملے کیے، شریف اور زرداری خاندان جن کا پیسا باہر پڑا ہوا ہے، انہوں نے ڈرون حملوں کی اجازت دی، حکومت اب روس سے تیل اور گندم لینے کی بات کررہی ہے، یہ بات تو ہم پانچ ماہ پہلے کرچکے تھے، جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ان کو کوئی شرم نہیں تھی ، جبکہ ہندوستان 40فیصد رعایت پر تیل خرید رہا تھا،ان کو سستی گندم اور تیل لینے کی جرات نہیں تھی، کیونکہ ان کو اپنے آقاؤں کا ڈر تھا .
انہوں نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ رانا ثناء اللہ نے کوئی دھمکی دی ہے رانا ثناء اللہ میرا وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے، 25مئی کو ہم پرامن لانگ مارچ کررہے تھے اور تم نے ظلم کیا، اب تمہیں فکر ہونی چاہیے کیونکہ ہم تیاری کرکے آئیں گے، لانگ مارچ کی کال تب دوں گا جب ٹائیگرز کی تیاری مکمل ہوگی . انہوں نے کہا کہ ہفتے کو اسلام آباد میں احتجاج کریں گے ، میں رحیم یار خان جلسے میں چیک کروں گا کہ اسلام آباد کتنی تعداد میں باہر نکلتا ہے، میں چاہتا ہوں آپ گھر گھر جائیں اور لوگوں کو حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے تیار کرنا ہے .