فیس بک نے سابق افغان صدر اشرف غنی کا اکاؤنٹ بند کردیا

(قدرت روزنامہ)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے سابق افغان صدر اشرف غنی کا اکاؤنٹ بند کردیا ہے . خبرایجنسی کے مطابق فیس بک نے اشرف غنی کے چیف آفیسر ڈاکٹر فاضلی کا اکاؤنٹ بھی بند کردیا ہے .

خیال رہے کہ اشرف غنی نے ملک سے فرار ہونے کے بعد نامعلوم مقام سے اپنا بیان فیس بک پر جاری کیا تھا . اشرف غنی نے بیان دیا کہ انہوں نے خونی سیلاب روکنے کے لیے افغانستان چھوڑا ہے . اگر میں ملک میں رہتا تو لاتعداد محب وطن شہری شہید ہو جاتے اور کابل تباہ ‏ہو جاتا . جس کی وجہ سے بڑی انسانی تباہی ہوتی . قبل ازیں فیس بک نے اپنے تمام پلیٹ فارمز بشمول انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر افغان طالبان اور ان کی حمایت سے متعلقہ تمام مواد پر پابندی عائد کردی ہے . فیس بک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی قانون کے تحت طالبان ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور ہم نے امریکہ کی خطرناک تنظیموں سے متعلق پالیسی کے پیش نظر طالبان کو اپنی خدمات کو فراہم کرنا بند کردیا ہے . فیس بک کا کہنا ہے کہ اس گروپ سے منسلک مواد کی نگرانی اور اسے ہٹانے کے لیے افغان ماہرین کی ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے . سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے افغانستان کے دری اور پشتو بولنے والے ماہرین کی ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جو پلیٹ فارم پر ابھرتے ہوئے مسائل کی شناخت اور آگاہ کرنے میں مدد فراہم کررہی ہے . فیس بک کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم نے طالبان کی جانب سے یا ان کی حمایت میں بنائے گئے تمام اکاؤنٹس کو بلاک کردیا ہے اور تمام پلیٹ فارمز پر طالبان کی تعریف، حمایت اور نمائندگی کرنے پر پابندی لگادی ہے . . .

متعلقہ خبریں