پرویز خٹک کی 3 دن میں حکومت گرنے کی پیش گوئی

نوشہرہ (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے 3 دن میں حکومت گرنے کی پیش گوئی کردی گئی . ایکسپریس نیوز کے مطابق نوشہرہ کے علاقے میں جہانگیرہ ڈھیری میں سماجی شخصیت اور ان کے بیٹوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آنے والے تین دنوں میں دھڑام سے گرے گی، شہباز شریف کی حکومت خود مستعفیٰ ہوگی اور الیکشن کا بھی جلد اعلان ہوجائے گا، جس کے نتیجے میں عمران خان کو پھر سے اقتدار میں لانا عوام کی ضد ہے .


پرویز خٹک نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری ملک سے مخلص نہیں ہیں، انہوں نے عوام کو لوٹا ہےاور مسلسل لوٹتے جارہے ہیں، اس لیے خیبر پختونخوا کی عوام نے تحریک انصاف کی حکومت لاکر تبدیلی کا اعلان کردیا اور تحریک انصاف کی مقبولیت کی واحد وجہ نوجوان ہیں .
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج و دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد میں انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں، وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے بھی صوبائی حکومتوں کو وارننگ دے دی ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی نے لانگ مارچ کے حوالے سے وزیرداخلہ کے بیان اور اسلام آباد کو سیل کرنے کے حوالے سے ردِعمل دیتے ہوئے کہاکہ ہم وفاقی حکومت کو بڑا سرپرائز دیں گے .

انہوں نے کہا کہ راناثناء اللہ گھٹنوں کے بل عمران خان کے پاس آئے گا، راناثناء اللہ یہ نہ بھولیں ہماری پنجاب میں بھی حکومت ہے، پیشگی بتا رہا ہوں وفاقی حکومت کو بڑا سرپرائز دینے جا رہے ہیں،یہ سب حیران ہو جائیں گے کہ یہ کیا ہو گیا ہے، راناثناء اللہ تو روتا ہوا اور آنسو صاف کرتا ہوا عمران خان کے پاس آ جائے گا، راناثناء اللہ نے جتنے اہلکار بلانے ہیں بلا لیں دیکھتے ہیں راناثناء اللہ عمران خان کو کیسے ڈیل کرتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں