آرمی چیف سے صلح کے سوال پر اسحاق ڈار کا ردِعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صلح سے متعلق صحافی کے سوال کا مختصر جواب دے کر چلے گئے . پارلیمنٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ کیا آپ کی آرمی چیف سے صلح ہو گئی ہے؟ جس پر اسحاق ڈار نے کوئی جواب نہیں دیا .

اتنا کہتے ہوئے چل دئیے کہ یہ سوال آپ ان سے پوچھیں .
اسحاق ڈار سے سوال کیاگیاکہ آپ کے ڈرسے ڈالر نیچے آگیا ہے کیا قوم آپ سے امید رکھے مہنگائی بھی نیچے آئے گی جس پر اسحاق ڈار نے بتایاکہ ہمارے مسائل میں روپے کی قدر مصنوعی طورپر گری ہوئی ہے وہ بہت بڑا چیلنج ہے ، آپ نے فرمایا مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے ، یوٹیلٹی پرائسزہمارے لئے بہت بڑے چیلنج ہیں جس کا اثر عوام پر براہ راست پڑ رہا ہے، انشاء اللہ صورتحال بہتر کر نے کی پوری کوشش کرینگے ، ماضی میں بھی کی ہے اور اللہ تعالیٰ نے ماضی میں بھی کامیابی دی ہے .
انہوںنے کہاکہ گزشتہ رات وطن واپس پہنچا ہوں ، ابھی ڈالر نو دس روپے نیچے آیا ہے ، اس کا مطلب ہے 1350ارب کے قوم کے قرضے کم ہوگئے ہیں ، یہ اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی ہے ، چوبیس گھنٹے میں روپے کی قدر بہتر ہونے کی وجہ سے پاکستان کے قرضوں میں 1350ارب کی کمی آچکی ہے . مصنوعی طریقے سے روپیہ نیچے گرانے کے حوالے سے سوال پر انہوںنے کہاکہ یہ کوئی مصنوعی نہیں ہوتا ، مسلم لیگ (ن) کا کریڈ ٹ ہے کہ پاکستان میں فکس ریٹ ہوتا تھا جب 1999ء میں وزیر خزانہ تھا تو اس وقت اس کو مارکیٹ بیسڈ کیا تھا لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہنڈی والے پاکستان کی کرنسی کویرغمال بنا کر پاکستان کو نقصان پہنچائیں ، یہ اپنا اپنا قبلہ درست کریں ،میں ان سب کا مشکور ہوں انہوں نے پہلے ہی اپنی ڈائریکشن ٹھیک کرلی ہے ، اس سے انشاء اللہ پاکستان کو فائدہ ہوگا .
اسحاق ڈار سے سوال کیاگیاکہ عمران خان کے دور میں اسٹیٹ بینک کا ایک بل پاس ہوا جس کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں کیا اس بل کو ر یویو کر نے کی ایڈوائس دینگے جس پر وزیر خزانہ نے کہاکہ میڈیا میں پابندی کے باوجود آرٹیکل لکھتا رہا ، یو ٹیوب پر انٹرویو ز دیئے ، اچھی بات ہے حکومت نے پہلے بل کے مقابلے میں بہت تبدیلیاں کر لی ہیں اور میں سمجھتا ہوں اس میں مزید چیزیں ٹھیک ہونی چاہئیں .
سینیٹر اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا . صدر مملکت عارف علوی نے اسحاق ڈار سے حلف لیا . اسحاق ڈار نے وفاقی وزیرخزانہ کے عہدے کا حلف اٹھایا . میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان صدر میں اسحاق ڈار کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی جبکہ وفاقی کابینہ کے اراکین بھی تقریب میں موجود تھے .

. .

متعلقہ خبریں