اسلام آباد (قدرت روزنامہ) گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کے معاملے پر وزارت داخلہ متحرک ہو گئی . وزارت داخلہ نے ہراسگی میں ملوث 14 پاکستانیوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا .
10مردوں اور 4 خواتین کا نام شارٹ لسٹ لیا گیا . ہراساں کرنے والوں کی شہریت سے متعلق بھی تمام تفصیلات حاصل کر لی گئیں .
متعلقہ افراد کے پاکستان سے جاری تمام کریکٹر سرٹیفیکیٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا . وزارت داخلہ ہراسگی میں ملوث افراد کے نائیکوپ اور پاسپورٹ منسوخ کرنے پر بھی غور کر رہی ہے . تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کی صورت میں خبردار کر دیا . سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے خلاف کوئی کاروائی کی گئی تو موجودہ حکمرانوں اور حکومت کے خلاف اربوں روپے کے ہرجانے کے دعوے ہوں گے، ایسے ایڈونچر سے باز رہیں .
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ برطانیہ کا قانون پاکستان کا عدالتی نظام بھی نہیں جہاں آپ مرضی سے وکیل ، جج اور فیصلے لے لیں .
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو لندن میں ہراساں کرنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا . مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ کوئی بھی مخالف سیاسی جماعت کا کارکن بدتمیزی اور ہلڑ بازی کرے توسختی سے جواب دیا جائے . موقع پر جواب نہ دینے سے مخالفین کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور ایسے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے . ہراساں کرنے والے مخالف سیاسی کارکنوں سے انہی کی زبان میں بات کی جائے .